واشنگٹن ...امریکہ میں پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ خطے میں امن واستحکام کےلئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط اور پائیدار اشتراک عمل ناگزیر ہے۔ واشنگٹن میں جنوبی ایشیا کے تجزیہ کاروں ،تعلیمی ماہرین رائے عامہ کے لیڈروں، امریکی عہدیداروں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات باہمی احترام اورمشترکہ مفادات پر مبنی ہونے چاہئیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان نے افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل میں سہولت فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ پاکستان نے بار ہا اس بات پر زوردیا ہے کہ طویل تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی کوشش ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام آئے جو پاکستان میں امن و استحکام کےلئے بھی اہم ہے۔