پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ میں آج سے داخلے پر پابندی
پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ میں داخلے پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب کے بعد سے پابندی عائد کردی جائے گی۔
جن غیرملکیوں کے اقامے مکہ مکرمہ شہر سے جاری ہوئے ہیں وہ پابندی سے مستثنی ہوں گے۔
سبق نیوز کے مطابق وزارت داخلہ اور امن عامہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ 23 اپریل 2025 سے ’مکہ پرمٹ ‘ پر عمل درآمد کا آغاز کیا جائے گا۔
وہ غیرملکی کارکن جنہیں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے لیے مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ جانا ہوتا ہے اور انک ے اقامے مکہ مکرمہ کے علاوہ کسی دوسرے شہر سے جاری ہوئے ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ متعلقہ ادارے سے پرمٹ جاری کرائیں بصورت دیگر انہیں شہر سے باہر چیک پوسٹوں سے لوٹا دیا جائے گا۔
’مکہ پرمٹ‘ کے لیے وزارت داخلہ نے ابشر اور مقیم پلیٹ فارم پر ’تصریح پورٹل‘ لانچ کیا ہے جس کے ذریعے پرمٹ جاری کرایا جاسکتا ہے۔
غیرملکی کارکنوں کے لیے پرمٹ کے اجرا کے لیے شرائط مقرر کی گئی ہیں جن کے مطابق پرمٹ جاری کیا جاتا ہے جس کے تحت کمپنی اپنے ان کارکنوں کے پرمٹ جاری کراتی ہے جنہیں حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ جانا ہوتا ہے۔
خیال رہے حج سیزن کی وجہ سے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی سلامتی اور ان کی سہولت کے لیے عام افراد کے مکہ مکرمہ داخلے پر پابندی عائد کی جاتی ہے تاکہ شہر میں غیرضروری ازدحام نہ ہونے دیا جائے۔
وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ عازمین حج کی سلامتی اور انہیں آرام پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے اس لیے ضوابط پرسختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔
