امریکی جمناسٹ سمن بائلز نے رواں ہفتے ہونے والے 2025 کے لوریئس ورلڈ سپورٹس ایوارڈز میں سال کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
اس موقعے پر انہوں نے سعودی عرب کی ڈیزائنر ایمان العجلان کا ڈیزائن کیا ہوا سیاہ رنگ گاؤن پہنا تھا۔
مزید پڑھیں
عرب نیوز کے مطابق امریکی ایتھلیٹ نے بغیر آستینوں کے (سٹریپ لیس) گاؤن پہنا تھا جس پر خاکی اور سیاہ رنگ کی کشیدہ کاری کی گئی تھی۔
یہ گاؤن ’پیپلم سٹائل‘ اور سکرٹ کے امتزاج سے تیار کیا گیا تھا۔
انہوں نے سادہ ہیروں کے زیورات پہنے تھے، جبکہ ٹائیلر اِیلس برانڈ کا ایک سیاہ بیگ ہاتھ میں پکڑا تھا۔
امریکی جمناسٹ سمن بائلز نے پیرس اولمپکس میں تین گولڈ میڈل اور ایک سلور میڈل جیتا تھا۔
العجلان نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں سمن بائلز ان کا تیارکردہ لباس پہنے ہوئے نظر آئیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’سمن بائلز لورئیس ورلڈ سپورٹس وومن آف دی ایئر کا ایوارڈ مبارک ہو۔‘
یہ پہلا موقع نہیں کہ العجلان کے ڈیزائن بڑے اور مشہور ایونٹس کی ریڈ کارپٹس پر نظر آئے ہوں۔ رواں برس کے آغاز میں 96 ویں اکیڈمی ایوارڈ کے موقع پر امریکی سوشل میڈیا سٹار کرسٹی سارہ نے ان ڈیزائن کردہ لباس پہنا تھا۔
2023 میں انہوں نے امریکی اداکارہ، ڈانسر اور سوشل میڈیا سٹار ٹیسا بروکس کو لاس اینجلس میں ہونے والے موسی کیئر پرسنز آف دی ایئر ایونٹ کے لیے ایک سیاہ لباس تیار کرکے دیا تھا۔
اس سے اگلے برس برطانوی ماڈل اور ٹی وی میزبان لیومی اینڈرسن نے 2024 کے ایم ایف اے آر گالا میں العجلان کا تیارہ کردہ لباس زیب تن کیا تھا۔
العجلان نے اپنا برانڈ 2007 میں شروع کیا تھا، وہ ریاض میں مقیم ہیں اور شادی بیاہ کے کپڑوں کے ڈیزائن سمیت، ریڈی ٹو ویئر لباس ڈیزائن کرتی ہیں۔
انہوں نے متعدد مقام مشہور شخصیات کو بین الاقوامی ایونٹس کے لیے لباس تیار کرکے دیے ہیں۔ جن میں سعودی اداکارائیں میلا الزہرانی اور دعی الہلالی شامل ہیں۔ ان اداکاراؤں نے 2019 کے وینس فلم فیسٹیول میں العجلان کے تیارکردہ لباس پہنے تھے۔
2024 میں، ریاض کی ٹی وی میزبان عجوہ الجودی نے ہالی وڈ کے 76ویں پرائم ٹائم ایمی ایوارڈز میں العجلان کا ڈیزائن کردہ گاؤن زیب تن کیا تھا۔