کپتان سرفراز سے حسن علی کے روئیے پر سابق کرکٹرز کا ردعمل
آکلینڈ:ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آکلینڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ کے دوران فاسٹ بولر حسن علی نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ جس طرز عمل کا مظاہرہ کیا اس پر سابق کرکٹرز نے افسوس اور ناراضی کا اظہار کیا ہے ۔ 64رنز پر نیوزی لینڈ کی ابتدائی 6وکٹیں گرنے کے بعد مچل سینٹنر اور بین وہیلر بیٹنگ کررہے تھے ۔حسن علی اپنا چوتھا اور اننگز کا 15واں اوور کررہے تھے، انہوں نے پہلی گیند پرباونسرپھینکا جس پربین وہیلر نے چوکا لگا دیا۔ لائن اور لینتھ درست نہ ہونے پر سرفراز احمد بات کرنے کےلئے حسن علی کی جانب گئے تو بولرنے کوئی توجہ نہ دی اور بولنگ کےلئے واپس چلے گئے ۔ اگلی گیند پر حسن علی نے بین وہیلر کو بولڈ کرنے کے بعد سرفراز کی جانب گھور کر دیکھا اور دیگر فیلڈرز کے ساتھ کامیابی کا جشن بھی منایا جبکہ کپتان ایک طرف کھڑے دیکھتے رہ گئے۔ اس واقعے کی ویڈیو دیکھنے کے بعد سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ سرفراز احمد ٹیم کا کپتان ہے اور حسن علی اسے لفٹ ہی نہیں کرا رہے، یہ رویہ ہرگز قابل قبول نہیں حسن علی کو ایک میچ کےلئے باہر بٹھا دینا چاہیے۔ راشد لطیف نے کہا کہ کپتان یا کھلاڑیوں کے ساتھ ہمارے بھی ا ختلافات ہوتے تھے لیکن لائیو میچ میں ایسارویہ افسوسناک ہے۔سابق آل راونڈر عبدالرزاق نے کہا کہ کوئی بولر وکٹ حاصل کرکے جشن منانے کےلئے کپتان کی طرف جائے تو اچھا لگتا ہے،یہاں صورتحال مختلف نظر آئی اور بولر الٹاکپتان کو آنکھیں دکھانے کی کوشش کررہا تھا، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔