سیریز کی فتح کا سہرا نوجوان کرکٹرز کے سر ہے، کپتان سرفراز احمد
لاہور:پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز میں فتح کا سہرا نوجوان کھلاڑیوں کے سر باندھتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ سینیئر کرکٹرز پر مشتمل یہ ٹیم بیرون ملک بھی فتوحات دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ سرفراز نے کہا کہ ہوم گراونڈ پر کھیلنا ہمیشہ سے ہر ٹیم کے لئے خصوصی اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور ہمارے لئے یہ آخری میچ اور بھی اہم تھا ۔انہوں نے سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کیا جس کے آنے سے پاکستانی ٹیم کو ہو م گراونڈ پر کھیلنے کا موقع ملا۔ کپتان نے کہا کہ شائقین نے جس طرح جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا اور دونوں ٹیموں کو سراہتے رہے اس سے میچ کا لطف دوبالا ہوگیا۔نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی خوش آئندہے جبکہ سینیئر کھلاڑی بھی اپنا کردار بخوبی ادا کررہے ہیں جس سے ٹیم فتوحات کی راہ پر گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کارکردگی کے اس تسلسل کو متحدہ عرب امارات کے بعد نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں بھی برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ سینئر ہونے کے ناطے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھا رہے ہیں ان کی موجودگی کا واضح فرق بھی نظر آرہا ہے۔ ٹیسٹ میچوں میں شکست کی وجوہ پر سرفراز نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز میں شکست کی اصل وجہ ہماری بیٹنگ تھی۔ ہمارے2 سب سے تجربہ کار بلے باز ٹیم کا حصہ نہیں تھے جس سے فرق پڑا اور ہم نے اسی خلا کو پر کرنے کی کوشش میں اظہر علی کو اوپننگ کے بجائے نچلے نمبروں پر کھلایا۔انہوں نے کہا کہ شکست کی وجہ بڑی اننگز اور بڑی شراکتوں کی کمی تھی ۔قومی ٹیم کے کپتان نے ٹیسٹ میچوں میں شکست پرکہا کہ ریورس سوئنگ کو ذہن میں رکھ کر 3فاسٹ بولرز کھلانے کا فیصلہ کیا لیکن یہ حکمت عملی کارگر ثابت نہ ہوئی۔ ہمارے فاسٹ بولرز زیادہ اچھا پرفارم نہ کر سکے۔ ہمیں ایک اسپنر کی کمی شدت سے محسوس ہوئی۔