Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا و آخرت میں سرخرو ہونا ہے تو اللہ کی رسی کو مضبوطی تھامے رکھیں ،مولانا تنویر ہاشمی

بزم طلباءقدیم و محبان جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام تقریب استقبال ضیوف الرحمان ،مولانا نوید افروز نے صدارت کی
جدہ ( امین انصاری ) بزم طلبائے قدیم و محبان جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام " استقبال ضیوف الرحمان " کے عنوان سے مدرسہ دارالعلم میں مولانا حافظ نوید افروز نوید کی صدارت میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ مولانا سید محی الدین تنویر ہاشمی مہمان خصوصی تھے اس موقع پر مولانا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے رب سے رشتہ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان دنیا و آخرت میں سرخرو ہونا چاہتا ہے تو اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔کثرت سے استغفار کریں اور سنت نبوی پر سختی سے عمل پیرا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے قرآن و حدیث کا مطالعہ کرنا چھوڑدیا جس کی وجہ سے ہم گمراہیوں میں کھوگئے اور باطل و فرقہ پرست عناصر ہمارے دین اور ہماری جان و مال سے کھلواڑ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو کیوں مساجد بھر جاتی ہے اگر ہم پنچ وقتہ نمازی بن جائیں اور مساجد کو آباد کریں اور اپنے رب کو راضی کرلیں تو یقینا اللہ کی نصرت شامل حال ہوگی اور دین کا بول بالا ہوگا ۔ انہوں ہندوستان کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلم پرسنل لامیں حکومت وقت اور فرقہ پرست تنظیمیں تبدیلی چاہتے ہیں جس کیلئے نت نئے ایجنڈے اٹھائے جاتے ہیں ۔ مولانا نے کہا کہ شریعت محمدی اور دین اسلام میں رتی برابر بھی تبدیلی نہیں ہوسکتی ہے ۔ بظاہر قانون کچھ بھی بنالیں ہم اپنی شریعت سے پھرنے والے نہیں ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہندوستانی مسلمان اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کریں ۔ تقریب کے صدر مولانا نوید افروز نوید نے مہمانوں کا استقبال کیا اور کہا کہ ہماری تنظیم گزشہ کئی دہائیوں سے ضیوف الرحمان کا باب الحرمین جدہ میں استقبال کرتی آرہی ہے ۔انہوں نے تمام حجاج کا شرکت پر شکریہ ادا کیا ۔ دریں اثناءحافظ و قاری مولانا عبدالسلام عزیز کی تلاوت کلام پاک اور حافظ محمد سلیم قادری کی تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا ۔ مولانا حافظ محمد نظام الدین غوری نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ حیدرآباد سے آنے والے ضیوف الرحمان ، مولانا سید محی الدین تنویر ہاشمی ، مولانا مجیب اشرف نعیمی اور کرناٹک سے آنے والے تاجر ابوبکر کو مشلہ پہناکر سپاس نامہ پیش کیا گیا ۔

شیئر: