ہنڈی کے ذریعے ترسیل زر غیر قانونی بھی ہے اور خود کو شکوک و شبہات کے دائرے میں ڈالنے کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے، خصوصی سیمینار سے مقررین کا خطاب
جدہ (زبیر پٹیل) میمن ویلفیئر سوسائٹی ( ماسا )کے سیکریٹری جنرل طیب موسانی نے پاکبانوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی بچت قانونی طریقے سے بھیج کر منی لانڈرنگ کا سدباب کریں اور خود کو دہشتگردی کی مالی اعانت کے شبے میں پڑنے سے بچانے کا اہتمام کریں۔ وہ پاکستان کی معروف منی ایکسچینج کمپنی ایچ اینڈ ایچ، ویسٹرن یونین اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے جدہ کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ خصوصی سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ ہنڈی کو ترسیل زر کیلئے استعمال کرتے ہیں یہ نہ صرف یہ کہ غیر قانونی طریقہ ہے، غیر محفوظ بھی ہے۔ اس سے انسان جوابدہی کے دائرے میں بھی آسکتا ہے۔ اسلام نے ہمیں خود کو شکوک و شبہات میں ڈالنے سے بھی منع کیا ہے۔ اس حوالے سے بھی بچت کو ہنڈی جیسے غیر قانونی طریقے کے ذریعے بھیجناغلط ہے۔ مہمان خصوصی سید عرفان علی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک آف پاکستان تھے۔ پاکبانوں کے علاوہ جدہ بزنس کمیونٹی کے صدر اور نیوز 10چینل کے سی ای او ابوبکر میمن سمیت مختلف شعبوںسے تعلق رکھنے والے بھی کثیر تعداد میںسیمینار میں شریک ہوئے۔ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ سعادت محمد منیر نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض اے کے میمن نے انجام دیئے۔ اس موقع پر علی بدر الدین، رحمت اللہ خان، عبدالمقصود عباسی اور حاجی ہارون نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ دولت کا حصول بیحد اہم ہے۔ اس سے زیادہ اہم ترسیل زر کا طریقہ ہے۔ پاکبانوں کو قانونی ذرائع سے ترسیل زر کی متعدد سہولتیں حاصل ہیں ان سے فائدہ اٹھایا جائے۔ انعامی اسکیموں سے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے۔بزنس کمیونٹی کے صدر نے اس موقع پر ویسٹرن یونین کو مفید مشورے بھی پیش کئے۔جنہیں چیف ایگزیکٹیو افسر علی بدر الدین نے نافذ کرنے کا یقین دلایا۔