راجر فیڈرر 20 واں گرینڈ سلام جیتنے میں کامیاب
میلبورن: آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے کروشین حریف مرین کلچ کو ہرا کر چھٹی بار ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ راجر فیڈرر وننگ ٹرافی لیتے ہوئے جذباتی ہوگئے تو انہیں کروشین حریف مرین کلچ نے حوصلہ اور مبارکباد دی جس کے بعد ان کی خوشی دوبالا ہوگئی۔ راجر فیڈرر کا گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کا یہ 20 واں ٹائٹل ہے۔ میلبورن میں کھیلے گئے آسٹریلین اوپن ٹینس کے فائنل میں سوئس اسٹار نے کروشیا کے مرین کلچ کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن میں اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔فائنل کے 5سیٹ میں ان کی کامیابی کا اسکور 2-6، 6-7، 6-3، 3-6 اور 6-1 رہا۔ فیڈرر نے گزشتہ سال2017ء ہونے والے آسٹریلین اوپن میں بھی اپنے روایتی حریف رافیل نڈال کوفائنل میں شکست سے دوچار کیا تھا۔اس سے قبل راجر فیڈرر 2004،2006، 2007اور 2010ءمیں بھی آسٹریلین اوپن جیت چکے ہیں۔ راجر فیڈرر نے 8بار ومبلڈن،5بار یو ایس اوپن اور ایک بار فرنچ اوپن کا ٹائٹل بھی جیتا ہے۔ راجر فیڈرر کا یہ گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کا 20 واں ٹائٹل ہے جس کے بعد وہ معروف ٹینس اسٹارز مارگریٹ کورٹ، سرینا ولیمز اور اسٹیفی گراف کے بعد چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے گرینڈ سلام ٹورنامنٹ میں 20 یا اس سے زائد مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے۔