Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہمارے اسلاف نے آزادی ہند کیلئے اپنی جان و مال کی قربانیاں دیں ،سید عزیز محی الدین

شاعروں کے کلام نے انقلاب برپا کیا،مجیب صدیقی،ہمیں فخر ہے ہم ترقی یافتہ سیکولر ملک کے باشندے ہیں، قدرت نواز

 

* * *  امین انصاری ۔ جدہ * * *
  یوم جمہوریہ ہند کے موقع پر سید عزیز محی الدین ( خالد ) کے گھر جشن کا اہتمام کیا گیا ۔جشن میں معززینِ شہر اور جدہ میں مقیم گلوکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنی حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے دیار غیر میں بھی ہندوستان کی 69 ویں یوم جمہوریہ کو شاندار پیمانے پر منانے کا اہتمام کیا ۔
    سید عزیز محی الدین نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے اسلاف نے آزادیٔ ہند کیلئے اپنی جان و مال کی قربانیاں دیں ۔ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کی قربانیوں کو یاد کریں اور آنے والی نئی نسل کو اس سے آگہی دیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد جب قانون سازی کی گئی تو اس میں ہر مذہب کے ماننے والو ں کو سامنے رکھتے ہوئے آئین مرتب کیا گیا اور دنیاکا سب سے بڑا سیکولر ملک کہلایا ۔ ہمیں اپنے ملک پر فخر ہے اور ہم دنیا کے کسی بھی ملک میں جائیں تو اپنے ملک کی شناخت لیکر جاتے ہیں اور اس کی ترقی کیلئے ہردم سرگرداں رہتے ہیں ۔ آج کا جشن بھی ہماری ملک سے والہانہ محبت کا بین ثبوت ہے ۔
    مجیب صدیقی نے کہا کہ آزادیٔ ہند کے وقت شاعروں کے کلام نے انقلاب برپا کیا ۔انکے ملی اور انقلابی نغموں نے عوام میں جوش اورولولہ پیدا کیا اور لوگ سروں پر کفن باندھے آزادی کی جدوجہد میں جڑتے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی جب ملی نغمے سنے جاتے ہیں تو ہم میں ایک نئی اسپرٹ پیدا ہوتی ہے اور ہم ماضی میں کھوجاتے ہیں ۔
    قدرت نواز بیگ نے کہا کہ ہمارا ملک ہندوستان آزادی کے بعد بہت تیزی کے ساتھ ترقی کے منازل طے کرتے ہوئے آج دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہے ۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایسے ملک کے باشندے ہیں جو سیکولر ملک ہے ۔ وہ دن دور نہیں جب ہمارا ملک ہندوستان سپر پاور کہلائے گا ۔ زندگی کے ہر شعبہ میں ہندوستان نے ترقی کی ہے اور اپنے وجود کا لوہا منوایا ۔
    69 ویںیوم جمہوریہ ہند کا جشن شرکاء نے کیک کاٹ کرکیا۔ بعد ازاں جدہ کے معروف اور نامور گلوکارسید رافع ، عامر صدیقی ، وسیم مقدم اور مجیب صدیقی نے دیش بھگتی کے خوبصورت نغموں کو اپنی آواز میں سناکر سماع باندھ دیا ۔ملی نغمہ ’’میرے دیش کی دھرتی ‘‘ پر شرکاء فرط مسرت سے گلوکار کا ساتھ دیتے ہوئے اپنی شرکت درج کرائی۔
    عامر صدیقی نے منفرد انداز میں نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے بے شمار حب الوطنی کے اشعار سے شرکاء کو انٹرٹینٹ کیا ۔درمیان میں انہوں نے کئی جوک سناکر محفل کو زعفران زار کیا ۔
    صاحب خانہ سید عزیز خالد نے تمام شرکاء اور گلوکاروں کا شکریہ ادا کیا اور شرکائے محفل نے مملکت میں رہنے والے تمام ہندوستانیوں کو یوم جمہوریہ ہند کی دلی مبارکباد پیش کی ۔

شیئر: