نیویارک.... جی پی ایس ٹریکنگ کمپنی ا سٹراوا نے جو گلوبل ہیٹ میپ شائع کرتی ہے۔ انتہائی اہم اور عجیب و غریب نقشہ جاری کرکے ہر جگہ سنسنی پھیلادی ۔ اس نقشے میں دنیا کے کئی دور افتادہ اور دشوار گزار قسم کے مقامات بھی دکھائے گئے ہیں جن میں افغان صوبہ ہلمند کا نقشہ بھی ہے جو اتفاقاً سامنے آیا ہے اور جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ افغانستان کے خفیہ فوجی اڈوں اور ان میں موجود امریکی فوجیوں کی نقل و حرکت کو اجاگر کردیا گیا ہے۔ واضح ہو کہ تکنیکی اور فنی لحاظ سے اسٹراوا کے نقشے ایسے لوگوں کی حرکات و سکنات اور اہم جگہوں کو جوڑ کر تیار کئے جاتے ہیں جہاں لوگ اپنی فٹنس برقرار رکھنے کیلئے سرگرم عمل رہتے ہیں۔ اس نقشے میں وہ جگہیں از خود منوراور نمایاں ہوجاتی ہیں جہاں لوگ گزشتہ 2سال کے عرصے میں کافی سرگرم عمل اور متحرک رہے ہوں۔ خواہ یہ لوگ عام شہری ہوں یا فوجی اس نقشے سے یورپ اور امریکہ میں بہت ساری فوجی سرگرمیوں کی بھی نشاندہی ہوتی ہے مگر جب معاملہ عراق اور شام جیسے گرم ممالک کی عکاسی کا ہوتا ہے تو پورا اسٹراوا تاریک پڑا رہتا ہے اور کوئی روشنی نہیں ہوتی یعنی اس دوران وہ بالکل کام نہیں کرتا۔ اسٹراوا کا دعویٰ ہے کہ اس کے نقشے میں پتنگ بازی اورچھوٹے موٹے اسپورٹس کو بھی دیکھا جاسکتا ہے اور کھیلنے والوں پر بھی نظر رکھی جاسکتی ہے۔ اسٹراوا کا کہناہے کہ دنیا بھر میں 2کروڑ 70لاکھ افراد اس کے نقشے دیکھتے اور استعمال کرتے ہیں تاہم جاری ہونے والا حالیہ سنسنی خیز نقشہ ”لائیو“ یا فعال نہیں ہے مگر اس سے اس پیٹرن کا اندازہ ضرور ہوتاہے جو 2015ءسے ستمبر 2017ءتک متحرک یا فعالیت کے حامل رہے ہوں۔ گلوبل ہیٹ میپ پہلی بار نومبر2017ءمیں آن لائن پر پوسٹ ہوا تھا۔