انڈر19ورلڈ کپ:ہند نے چوتھی بار ٹرافی جیت لی
ماﺅنٹ مونگانی :ہندوستانی ٹیم نے انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کو8 وکٹوں سے شکست دے کر چوتھی مرتبہ انڈر 19 ورلڈ کپ جیت کر ریکارڈ قائم کردیا۔ہندوستانی بیٹسمین منجوت کالرا کی ناقابل شکست سنچری نے ٹیم کو آسانی سے ہدف تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ انہوں نے102گیندوں پر 101رنز اسکور کرکے مین آف دی فائنل میچ کا اعزاز حاصل کیا جبکہ ہندوستانی بیٹسمین شبھما ن گل مین آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے جنہوں نے مجموعی طور پر372رنز اسکور کئے اور ٹورنامنٹ کے دوسرے کامیاب ترین بیٹسمین ثابت ہوئے ۔نیوزی لینڈ کے علاقے ماﺅنٹ مونگا نی کے بے اوول گراﺅونڈ پر کھیلے گئے فائنل کا ٹاس آسٹریلوی کپتان جیسن سنگھا نے جیتا اور بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔جوناتھن میرلو نے76رنز اسکور کئے تاہم باقی بیٹسمینوں میں سے کوئی بھی بہتر اسکور نہ کر سکا ۔ پوری ٹیم47.2اوورز میں216رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ایشان پورل،شیوا سنگھ،کملیش نگر کوٹی اور انکول رائے نے2،2وکٹیں لیں۔ہدف کے تعاقب میں کپتان پرتھوی شا اور منجوت کالرا نے71رنز کا آغاز فراہم کیا ۔ پرتھوی شا کو29کے انفرادی اسکور پرول سدرلینڈ نے بولڈ کردیا۔ منجوت کالر اور شبھمان گل کے درمیان بھی 60رنز کی عمدہ شراکت قائم ہوئی۔ گل31کے اسکورپر بولڈ ہوئے۔ ان کی وکٹ پرم اپل کے حصے میں آئی۔ منجوت کالرا نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور سنچری بناتے ہوئے ہاروک ڈیسائی کے ساتھ 39ویں اوورز یں ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرکے ناقابل شکست رہے۔ڈیسائی نے47رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور منجوت کے ساتھ 89 رنز کی فتح گر شراکت بھی قائم کی۔ یوںہندوستانی ٹیم نے صرف2وکٹوں کے نقصان پر220رنز بناتے ہوئے8وکٹوں سے فتح سمیٹ کر ریکارڈ چوتھی مرتبہ یہ ورلڈ کپ بھی جیت لیا۔آسٹریلیا کی طرف سے 7بولرز نے کوشش کی لیکن ہند کی بیٹنگ لائن کو قابو نہ پا سکے۔