لاہور... پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ میاں صاحب آپ دھرتی پر بوجھ بن گئے تھے، اس لئے نکالا۔ یہ دھرتی بھی قبول کرنے کو تیار نہیں۔ بلاول ہاوس لاہور میں پیپلز پارٹی کے وفود سے ملاقات میں سابق صدرنے کہا کہ شریفوں کے ترقیاتی کام ایک دکھاوا اور مصنوعی ترقی ہیں۔ ڈر ہے کہ مصنوعی ترقی کا یہ بم پھٹ کر تباہی نہ پھیلا دے۔یہ لوگوں کو پانی اور صحت کی سہو لتیںدینے کی بجائے سڑکیں بنا رہے ہیں۔ سڑکیں بھی مخصوص علاقوں میں بطور شوپیس بنائی جا رہی ہیں۔ شریف برادران پینے کے پانی کے منصوبوں پر پیسہ لگانا پیسے کو زیر زمین دفنانے کے مترادف گردانتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ سڑکوں پر لگا پیسہ نظر آتا ہے اور پانی کے منصوبوں میں پیسہ دفن ہو جاتا ہے۔دکھاوے اور سستی شہرت سے ہٹ کر یہ کوئی بھی منصوبہ بنانے کے لئے تیار نہیں۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف کی سوچ جی ٹی روڈ اور شہباز شریف کی لاہور تک محدود ہے۔ نواز شریف نے ثابت کیا کہ وہ پاکستان کے نہیں جی ٹی روڈ کے وزیراعظم تھے۔شہباز شریف بھی پنجاب کے نہیں لاہور کے وزیراعلیٰ بنے بیٹھے ہیں۔ تخت رائیونڈ نے بلوچستان کو اپنی کالونی بنا رکھا تھا۔ (ن) لیگ نے سب کو اپنا غلام سمجھ رکھا تھا اس لئے بغاوت ہوئی ۔ بلوچوں کو ساتھ لے کر چلیں گے کیوں کہ ہماری اور ان کی ثقافت ایک ہے۔