کاس گنج میں مسجد کا دروازہ نذرِ آتش، حالات پھر کشیدہ
کاس گنج۔۔۔۔یوپی کے شہر کاس گنج میں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ہونیوالے فرقہ وارانہ فساد کی آگ ٹھنڈی بھی نہیں ہوئی تھی کہ شر پسندوں نےآج علی الصباح کاس گنج کے گنج ڈنڈوارا قصبہ میں واقع مسجد کے دروازہ کو نذرِ آتش کر کےامن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی ۔
مسجد کے دروازہ میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اورماحول میں کشیدگی پیدا ہو گئی۔اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ آر پی سنگھ کے ساتھ پولیس سپرنٹنڈنٹ پیوش شریواستو بھی موقع پر پہنچ گئے۔ضلع انتظامیہ نے جائے وقوعہ پر سیکیورٹی فورس تعینات کر دی۔
ذرائع کے مطابق گنج ڈنڈوارا کی سبزی منڈی کےقریب واقع مسجد کے دروازے میں شرپسندوں نے آگ لگائی جس سے دروازہ جل کرتباہ ہوگیا۔صورتحال کشیدہ ہوتے دیکھ کر علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دیاگیا۔ پولیس نے نامعلوم افرادکے خلاف معاملہ درج کرلیااور مسجد کے دروازے کو آگ لگانے والے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔