ورلڈ ٹینس: پیٹرا کیوٹوا اور ٹیمیا بابوس کی فتح
لندن : سینٹ پیٹرز برگ میں جاری ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں کرسٹینا میلڈینووک اعزاز کا دفاع نہ کرسکیں، ٹرافی پیٹرا کیوٹوا کے نام رہی۔ انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں فرنچ حریف کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-1اور6-2 سے مات دے دی۔ یہ کیوٹوا کی کیریئر میں 21ویں ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل کی جیت ہے۔ دوبار کی ومبلڈن چیمپیئن جمہوریہ چیک کی کیوٹوا کو اس بار ایونٹ کے مین ڈرا میں وائلڈ کارڈ انٹری ملی تھی لیکن انھوں نے تجربہ کی بنیاد پر فائنل تک آنے والی تمام رکاوٹوں کو عبور کیا۔کرسٹینا سے 6ویں مقابلے میں یہ ان کی 5ویں قتح ہے۔ عالمی رینکنگ میں 29ویں نمبر پر موجود کیوٹوا نے ابتدائی سیٹ میں 2بار کرسٹینا کی سروس بریک کی۔دوسری جانب تائیوان میں کھیلے جانیوالے ڈبلیو ٹی اے ٹورنامنٹ میں ہنگری کی ٹیمیا بابوس نے کیریئر کا تیسرا ڈبلیوٹی اے ٹائٹل جیت لیا۔ انھوں نے فائنل میں یوکرین کی کیٹرینا کوزالووا کو شکست دیدی۔ یہ رواں سیزن میں ان کی دوسری ٹرافی ہے۔ اس سے قبل انھوں نے گزشتہ ماہ آسٹریلین اوپن میں ڈبلز ٹائٹل بھی اپنے نام کیا ہے۔فورتھ سیڈ ٹیمیا نے فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے فیصلہ کن میچ میں 7-5 اور6-1 سے کامیابی سمیٹی۔ وہ اس سے قبل 2012 ءمیں مونٹریری میں کیریئرکی پہلی ڈبلیو ٹی اے ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوئی تھیں جبکہ 2017ء میں انھیں بڈاپسٹ ویمنز ایونٹ میں بھی چیمپیئن بننے کا اعزازمل چکا ہے۔ ناکامی سے قطع نظر کوزالووا نے کیریئر میں پہلی بار کسی ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کے فائنل میں حصہ لیا۔ انھوں نے اگرچہ ابتدائی سیٹ میں ٹیمیا کااچھا مقابلہ کیا لیکن دوسرے سیٹ میں ان کی مزاحمت دم توڑ گئی اور آسان فتح ہنگری کی کھلاڑی نے حاصل کرلی۔ یوکرینی پلیئر کی عالمی رینکنگ میں 85ویں پوزیشن ہے۔ فائنل سے قبل انھوں نے اپنی راہ میں آنیو الی 5 سیڈ یولیا پوٹنٹسیوا اور ومبلڈن فائنلسٹ جرمن کھلاڑی سبائن لیسکی کو ہرایا تھا۔