لاہور... سابق صدر اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینزکے سربراہ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان اور پیپلز پارٹی کی شہ رگ ہے۔جاتی امراءوالے دل میں کشمیر اور پاکستانی غریب عوام کا غم نہیں رکھتے۔ یہ ہر چیز پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں،انہیں نکالنا پڑے گا۔ اگر اس مرتبہ نواز شریف کو چھوڑ دیا تو ہمیں اللہ بھی معاف نہیں کرے گا ۔ مینڈیٹ چوری کرنے کے باوجود انہیں جمہوریت کے لئے چلنے دیا۔ ریکارڈ پر موجود ہے کہ انہوں نے مشرف کے جانے پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔ اب انہیں مشرف یاد آرہا ہے ۔ موچی گیٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے زرداری نے کہاکہ کچھ لوگ اپنی جگہ کا نام جاتی امرا ءپر رکھتے ہیں لیکن کشمیریوں پر کچھ نہیں کرتے ۔ ان کے دل میںکشمیریوں کے لئے غم نہیں اور نہ پاکستان کی غریب عوام کے لئے غم ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی دعوی کیا تو حکومتیں گرا سکتا ہوں تو وہ سچ ثابت ہوا ۔ پچھلے جلسے میں کہا تھا کہ ہم آپ کی حکومت گراسکتے ہیں ۔ آدھے سے زیادہ ملک پر (ن) لیگ کی حکومت ہے لیکن بلوچستان پر اب آپ کی حکومت نہیں رہی ۔انہوں نے کہا کہ مشرف نے کشمیر پر معاہدہ کر لیا تھا مگر جرنیل راضی نہ ہو سکے اور اٹھ کر چلے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ الیکشن میں عوام کا ووٹ کوئی لوٹ نہیں سکے گا ۔پارلیمنٹ سے بل منظورکرالیا ۔ الیکشن میں دھاندلی نہیں ہو گی ۔ وعدہ کرتاہوں الیکشن صاف اور شفاف ہوں گے۔ چاروں صوبوں سے جیتیں گے۔میں ، بلاول اور آصفہ اس مرتبہ پارلیمنٹ میں جائیں گے۔پاکستان کی خدمت اور تمام مسائل کو حل کریں گے ۔