Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلش پریمیئر لیگ: چیلسی کیخلاف آخری منٹ میں 3گول

 
واٹفورڈ:انگلش پریمیئر لیگ میں چیلسی کی ناکامیوں کا سلسلہ مزید دراز ہو گیا اور گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں واٹفورڈ فٹبال کلب نے لیگ کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک چیلسی کو 1-4کے واضح فرق سے شکست دے کر ایک اور اپ سیٹ کردیا۔ 4گول میچ کے آخری 8منٹ میں اسکور ہوئے ، ان میں ایک گول چیلسی کے کھلاڑی ایڈن ہیزرڈ نے اسکور کیا جبکہ بقیہ واٹفورڈ کے نام رہے اور ساتھ ہی برابر ہوجانے والے میچ کا پانسہ بھی پلٹ گیا۔میچ کا پہلا ہاف برابری پر ختم ہونے والا تھا کہ چیلسی کے گول کیپر نے واٹفورڈ کے کھلاڑی جیراڈ ڈیلوفیوکو حملے کی کوشش کے دوران گراتے ہوئے خطرناک فاول کیا جس کے نتیجے میں ریفری نے واٹفورڈ کو پنالٹی کک دے دی اور اسے گول میں بدلنے میں ٹروئے ڈینی نے کوئی غلطی نہیں ۔ دوسرے ہاف کے دوران میچ 82ویں منٹ تک اسی اسکور پر واٹفورڈ کے حق میں تھا کہ چیلسی کے کھلاڑی ایڈن ہیزرڈ نے بہت شاندار کک کے ذریعے مقابلہ برابر کردیا اور یوں محسوس ہونے لگا کہ چیلسی کو ایک پوائنٹ مل ہی جائے گا لیکن اگلے 6منٹوں کے دوران واٹفورڈ کی جانب سے کئے جانے والے3گولز نے چیلسی سمیت سب کو ششدر کردیا۔ ڈیرل جنمات، روبرٹو پیریرااور جیراڈ ڈیلوفیو نے یکے بعد گول کئے اور میچ چیلسی کے ہاتھ سے نکل گیا۔واٹفورڈ نے اپنے ہوم گراونڈ پر سابق چیمپیئن ٹیم کو اس بڑی شکست کے ذریعے مزید مسائل سے دوچار کردیا ۔ چیلسی کو گزشتہ10 میچوں کے دوران8مرتبہ شکست سے دوچار ہو چکی ہے اور اس نئی ہزیمت نے اس کے لئے پریمیئر لیگ میں کسی نمایاں پوزیشن کے امکانات کو بھی دھچکا پہنچایا ہے ۔ پوائنٹس ٹیبل پرچیلسی کی ٹیم اس وقت چوتھے نمبر پر ہے جبکہ ٹاپ ٹیم مانچسٹر سٹی اس سے19پوائنٹس آگے ہے۔ اس فتح سے واٹفورڈ کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی لیکن چیلسی کو واضح طور پر نقصان پہنچا ہے۔گزشتہ ہفتے اسی لیگ میں بورنماوتھ نے اسے0-3سے ہرایا تھا۔ یہ ناکامیاں کوچ انتونیو کونٹے کے لئے بھی پریشان کن ہیں اور وہ اپنے عہدے سے ہاتھ دھو سکتے ہیں۔

شیئر: