سی پیک کی کامیابی میں پرامن کشمیر کا کردار اہم ہے، خان ہشام بن صدیق
مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی حل ہونا چاہئے، برصغیر کی تقسیم کا ایجنڈا مکمل ہونا چاہئے،پاکستانی اوورسیز فورم کے زیر اہتمام بین المدارس مقابلے سے خطاب
ریاض (جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر بالاخر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی حل ہونا ہے او رریاست جموں و کشمیر کے پاکستان سے الحاق کے بعد برصغیر کی تقسیم کے ایجنڈے کی تکمیل ہوجائیگی۔ وہ یہاں سفارتخانہ پاکستان کے زیر نگرانی پاکستان اوورسیز فورم کے تعاون سے منعقدہ بین المدارس تقریری مقابلے میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈاکٹربلال احمد، پولیٹیکل قونصلرسردار خان خٹک، فرسٹ سیکریٹریز شاہد اقبال اورعمرخان، ہیڈآف چانسری سیف اللہ خان اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشیز عبدالشکور شیح اور محمود لطیف کے علاوہ پاکستانی عمائدین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ انگریزی زبان میں ہونے والے اس مقابلے کا موضوع تھا ”انسانی حقوق کی خلاف ورزی، فلسطین اور کشمیر کا مقدمہ“ اپنی بات واضح کرتے ہوئے خان ہشام بن صدیق نے کہا کہ کشمیر نہ صرف اپنے خطے بلکہ ساری دنیا کے امن کا ضامن ہے اور یہ کہ پاکستان ہمیشہ حصول آزادی کیلئے کی گئی کشمیریوں کی جدوجہد کی سیاسی اور اخلاقی حمایت کرتا رہیگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انکے وطن کی اقتصاد کشمیر میں امن و سلامتی سے وابستہ ہے اور یہ کہ سی پیک کیلئے کشمیر کاخطہ انتہائی اہم ہے۔ کشمیر میں جاری مظالم کا ذکر کرتے ہوئے خان ہشام بن صدیق نے کہا کہ وہاں 8 لاکھ سے بھی زیادہ ہندوستانی فوج مسلمان آبادی پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ چھرے دار بندوقوں سے خواتین اور بچوں کو نابینا کررہی ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زوردیا کہ وہ انسانی حقوق کی اس کھلی خلاف ورزی کو روکے۔ علاوہ ازیں فورم کے صدر سردار رزاق خان اور الیمامہ یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر افشاں اعظم خان نے بھی خطاب کیا اور کشمیر میں ہندوستانی مظالم کی تفصیلات بتاتے ہوئے انکی مذمت کی۔ قبل ازیں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے صدر پاکستان کا پیغام عمر ملک نے جبکہ وزیراعظم کا پیغام شاہد اقبال نے پڑھ کر سنایا۔ تقریری مقابلے میں الجبیل، الھفوف، الخبر، قصیم ، ناصریہ ریاض او رانگلش سیکشن سلیمانیہ میں ریاض کے پاکستانی مدارس کے طلباء وطالبات نے حصہ لیا۔ منصفین کے مطابق الجبیل کی نیہا عارف اول، الخبر کے محمد سیف الدین دوم جبکہ سلیمانیہ کی تحریم سلطان سوم آئیں۔ سفیر پاکستان نے انعامات تقسیم کئے۔مقررہ ڈاکٹر افشاں اعظم کو اعزازی شیلڈ دی گئی۔ تقریب کے آغاز میں سیف اللہ خان نے سفارتخانے کی طرف سے حاضرین کو خوش آمدید کہتے ہوئے مقابلے کی غرض و غایت بیان کی جبکہ نظامت کے فرائض مدثر فاروق خان نے انجام دیئے۔