جدہ .... کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم اور جلد از جلد استصواب رائے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حسب وعدہ انجام تک پہنچایا جائے۔ عالمی طاقتیں کشمیریوں پر مظالم بند کرائیں۔ جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیزکی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے مقررین نے اظہار خیال کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی معروف صحافی اور کالم نگار معروف حسین تھے اور صدارت قائم مقام چیئرمین جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز (JKCO) سردار اشفاق نے کی۔ نظامت کے فرائض جنرل سیکریٹری چوہدری خورشید میتال نے ادا کئے انہوں نے کہا کہ ہند معصوم کشمیریوں پر ظلم کررہا ہے لیکن عالمی برادری کی بے حسی افسوسناک ہے۔نہ صرف کشمیر کے اندر 7لاکھ فوج کشمیریوں کی زندگی کو عذاب بنائے ہوئے ہے بلکہ آئے دن کنٹرول لائن پر بسنے والے نہتے اور معصوم کشمیریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ ہم ہند کے ظلم اور بربریت کی مذمت کرتے ہیں اور عالمی قوتوں کو اس بات کا احساس دلانا چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کی پرامن تحریک آزادی میں ان کیساتھ ہونے والے مظالم کو روکا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی ہر محاذ پر مدد کی ہے۔ پاکستانی عوام کا کشمیریوں کےساتھ اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ پاکستان مضبوط سے مضبوط تر ہو۔ سعودی عرب نے بھی ہمیشہ کشمیریوں کی مدد کی ۔ ہم سعودی حکومت اور عوام کے بھی اس سلسلے میں مشکور ہیں۔ JKCO کے ممبران نے اپنی تنظیم کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کیلئے تجاویز بھی دیں۔ اس موقع پر اس بات کا مطالبہ بھی کیا گیا کہ کنٹرول لائن پر رہنے والے لوگوں کے مسائل کو حل کیا جائے ان کو سہولتیں دی جائیں۔ زخمیوں کے علاج معالجے کا مناسب بندوبست کیا جائے۔ تقریب کے آخر میں شہدائے کشمیر کے ساتھ JKCOکے سیکریٹری اطلاعات راجہ زرین کے والد کیلئے دعا کی گئی۔ اس موقع پر دیگر مقررین جنہوں نے تقریب سے خطاب کیا ان میں راجہ شمروز، خوشحال طاہر، فاروق ارشاد الحق، کامران اعظم، عبداللطیف عباسی، چوہدری رضوان(صدر پاک میڈیا فورم) شامل ہیں۔