Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ڈبلیو ایس کی خدمات مثالی ہیں، قونصلیٹ میں کمرہ فراہم کریں گے، شہریار خان

فطری زندگی گزارکر بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے ، ڈاکٹر امجد عبید،قونصل جنرل مکہ اور طائف میں طبی کیمپ بحال کروائیں ، پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کی سالانہ تقریب سے ڈاکٹر خلیل کا خطاب
  جدہ ( ارسلان ہاشمی ) قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے کہاہے کہ پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے ہم وطنوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات مثالی ہیں ۔ آئندہ ماہ قونصلیٹ میں ڈینٹل کلینک کےلئے مستقل بنیادوں پر ایک کمرہ فراہم کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔ وہ پی ڈبلیو ایس کی جانب سے منعقدہ سالانہ تقریب سے خطاب کررہے تھے جس کی نظامت سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد عبید نے کی ۔ قونصل جنرل نے مزید کہا سیمینار میں طبی معلومات کے حوالے مفید معلوماتی لیکچرز پیش کئے گئے ۔ اس قسم کے معلوماتی لیکچرز سوسائٹی کے زیر انتظام لگنے والے 15 روزہ کیمپ میں بھی پیش کئے جائیں ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ سوسائٹی کے ارکان بے لوث ہو کر اہل وطن کو طبی خدمات فراہم کر رہے ہیں جو ایک مثالی اقدام ہے ۔ قونصلیٹ کی جانب سے ہر قسم کا تعاون جاری رکھا جائیگا ۔ قبل ازیں سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد عبید نے روز مرہ کے معمولات میں غذائی اہمیت اور غیر ضروری ادویات سے اجتناب کے حوالے سے مقالے میں واضح کیا کہ انسانی جسم کو قدرت نے جس خوبصورتی سے تخلیق کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ۔ رب کائنات کے تخلیق کردہ نظام کو اسکے اصولوں کے مطابق چلایا جائے تو بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے ۔ ڈاکٹر نقوی نے ہنگامی طبی امداد کے حوالے سے معلوماتی لیکچر پیش کیا ۔ سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر خلیل الرحمان نے سوسائٹی کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کا قیام 2006 میں ہوا تھا اور آج اس کارواں کو 12 برس کاعرصہ ہو چکا اس دوران سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے ہزاروں مریضوں کو طبی خدمات فراہم کی جاچکی ہے ۔قونصلیٹ میں لگنے والے مفت طبی کیمپ کے لئے ایک لاکھ ریال کی ادویات خریدی جاتی ہیں ۔ سوسائٹی کے زیر انتظام پاکستان میں گردے کے امراض سے متعلق ایبٹ آباد میں فلاحی بنیادوں پر مرکز قائم کیا گیا جس میں اب تک 70 مریضو ںکو ڈائیلاسس کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ سوسائٹی کی دیگر فلاحی سرگرمیو ں کے حوالے سے بتایا کہ ماہ رمضان میں سوسائٹی کے زیر انتظام مفت راشن اسکیم کے تحت ضرورت مندوں میں رمضان پیکیج کے نام سے راشن تقسیم کیا جاتا ہے ۔ پاکستان میں مستحق افراد کےلئے کپڑوں کی ترسیل کا انتظام بھی اس حوالے سے گزشتہ برس سوسائٹی کے ارکان نے کمیونٹی کے تعاون سے 700 کلو گرام پرانے کپڑوں کی شپمنٹ پاکستان بھجوائی ۔ ڈاکٹر خلیل نے قونصل جنرل سے اپیل کی کہ قونصلیٹ کی زیر نگرانی مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور طائف میں مفت طبی کیمپ قائم کیا جاتا تھا جس سے لوگوں کو بڑا فائدہ ہوتا تھا مگر اب اس کاسلسلہ منقطع ہو چکا ہے قونصل جنرل اس سلسلے کو دوبارہ بحال کروائیں ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ سوسائٹی کے زیر اہتمام دانتوں کے کلینک کے لئے کافی دشواری ہوتی ہے جس کےلئے مستقل بنیادوں پر قونصلیٹ میں ایک کمرہ مخصوص کر دیاجائے تاکہ وہاں ڈینٹل کلینک کے لئے مخصوص کرسی رکھی جاسکے ۔ ڈینٹل میں استعمال ہونے والی خصوصی کرسی کی خریداری کےلئے کمیونٹی تعاون کرے ۔ بعدازاں سوسائٹی کے ارکان کو تعریفی اسناد دی گئیں ۔

شیئر: