الٰہ آباد۔۔۔۔الٰہ آباد میں ایل ایل بی کے اسٹوڈنٹ دلیپ سروج کو زدوکوب کرکے ہلاک کرنے کےواقعہ کے بعدشہر کا ماحول کشیدہ ہوگیا۔طلبہ نے دلیپ کے قتل کیخلاف زبردست نعرے بازی، ہنگامہ ،توڑ پھوڑ اوراحتجاجی مظاہر ہ شروع کردیا۔مشتعل مظاہرین نے ایک بس کو نذرآتش کردی۔اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور مظاہرین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حالات کو کنٹرول میں کیا۔پولیس نے قتل میں ملوث وجے شنکر اور منا چوہان کو گرفتار کرلیا۔ واضح ہو کہ گزشتہ روز 26سالہ ایل ایل بی کے طالب علم دلیپ کرنل گنج میں واقع ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے گیا تھا جہاں لگژری کار میں سوار چند لوگوں سے اس کی کسی بات پر کہا سنی ہوگئی۔ بعد ازاں ان لوگوں نے دلیپ پر ہاکی اسٹک ، لاٹھی اور ڈنڈوں سے حملہ کردیا جس سے وہ شدیدزخمی ہوگیا۔ دلیپ کوفورا اسپتال پہنچایا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا ۔الٰہ آباد کے معاون ایس پی سکیرتی مادھو نے بتایا کہ موقع پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج سے اہم ملزم وجے شنکر کی شناخت کرلی گئی جومحکمہ ریلوے میں ٹی ٹی ای کے عہدے پر تعینات ہے۔اس کے علاوہ 3نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے گرفتاری کی کارروائی شروع کردی گئی۔