کیفے ٹیریا اور ٹھیلوں کی غیر معیاری خوراک
راولپنڈی اور اسلام آباد کے جڑواں شہروں کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے کیفے ٹیریاز، ہاسٹلزاوران کے باہر لگے ٹھیلوں پر فروخت ہونے والے غیر معیاری کھانے اور اسنیک بچوں کی صحت کےلئے سخت نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں۔ آج کل بچے گھر کا بنا ہوا لنچ لیکر جانے کی بجائے ا سکول کی کینٹین سے چیزیں خرید کر کھانے میں خوش ہوتے ہیں جو ان کی صحت کےلئے انتہائی مضر ہے۔ بچوں کو اسکول کے باہر ٹھیلے والوں اور ا سکول کی کینٹین سے کھانے پینے کی اشیاءلے کر کھانے سے روکنا چاہیے۔ غیر معیاری کھانے پینے کی چیزوں سے بچوں کی صحت پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ا سکول انتظامیہ اور والدین کو اس حوالے سے آگاہی دینی چاہیے۔
والدین کے مطابق اسکول کی کینٹین میں فروخت ہونے والی اشیاءمعیاری نہیں ہوتیں جس سے بچوں کی صحت پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ کھانے پینے کی یہ اشیاءغیر معیاری ہوتی ہیں بلکہ برتنوں اور جگہ کی صفائی کابھی خاطر خواہ اہتمام نہیں کیا جاتا۔کئی بار استعمال شدہ اور غیر معیاری تیل میں تلی ہوئی اشیاءسموسے، پکوڑے، چپس اور دیگر اشیاءکھانے سے گلے کی بیماریاں لاحق ہوتی ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ بچوں کی صحت برقرار رکھنے کے لئے گھر کی بنی اشیاءبچوں کو کھلائیں۔ بچوں کو یہ بھی بتانا ضروری ہے کہ غیر معیاری خوراک کھا کر وہ بیمار پڑسکتے ہیں اسلئے ہمیشہ ہی ایسی خوراک کھانا چاہئے جس سے صحت کو خطرات لاحق نہ ہوں ۔ جب بچے کو شروع ہی سے حفظان صحت کے اصولوں سے آگاہ کردیا جائیگا تو پھر وہ کبھی بھی باہر ٹھیلے والوں کی اشیاءنہیں خریدیگا اور گھر پر تیار کردہ خوراک کو ہی ترجیح دیگا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭