داعش کی بیخ کنی کیلئے عالمی برادری پرعزم
بدھ 14فروری 2018ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ” عکاظ“ کا اداریہ
دہشتگرد تنظیم داعش کےخلاف کارروائی اور اسے علاقائی و بین الاقوامی سطح پر اپنے پر پھیلانے سے روکنے کیلئے کویت میں منگل کو منعقدہ عالمی اتحاد کے اجلاس میں سعودی عرب بھی شریک ہوا۔ گزشتہ برسوں کے دوران سعودی عرب نے داعش اور اس جیسی دیگر دہشتگرد تنظیموں کے خلاف مختلف اسکیموں میں حصہ لیا۔ تخریبی سرگرمیاں رکھنے والی تنظیموں کے خلاف دو سطحوں پر کام کیا گیا۔ ایک تو پیشگی حملے کئے گئے۔ اس سلسلے میں بڑی کامیابی ملی۔ جہاں جہاں دہشتگرد تنظیم کے گروپوں کی رپورٹیں ملیں وہاں وہاں انہیں پیشگی حملے کرکے ختم کردیا گیا۔ دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیوں اور گروپوں کے تعاقب کےلئے قانون سازی بھی کی گئی۔ دوسرا کام یہ کیاگیا کہ دہشتگردی کی آفت کی بیخ کنی کیلئے علاقائی و بین الاقوامی تعاون کو موثر کیا گیا۔ اس ضمن میں سراغرساں ادارو ںنے معلومات کا تبادلہ کیا اور ریاض میں قائم انسداد دہشتگردی کے عالمی مرکز کی مدد سے دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کو تعاون دیا گیا۔
دہشتگردی کے انسداد، اسکی بیخ کنی اور اسکے سرچشموں کو خشک کرنے کے سلسلے میں سعودی عرب کی حیثیت ایک مثالی ملک کی بن چکی ہے۔ دنیا بھر کے ممالک دہشتگردی جیسے خطرناک رواج سے نمٹنے کیلئے سعودی عرب کے تجربے سے استفادہ کرنے لگے ہیں۔
کویت میں داعش کے خلاف ہونے والے اجلاس میں 74ممالک کی شرکت ظاہر کرتی ہے کہ پوری دنیا داعش کی بیخ کنی، دیگر دہشتگرد تنظیموں کے خاتمے اورانہیں صفحہ ہستی سے مٹانے کے سلسلے میں پرعزم ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭