آئیں الماری سیٹ کریں
جمعرات 15 فروری 2018 3:00
الماری کھولی اور کپڑوں کا ایک ڈھیر زمین پر آگرا . جب الماری کھچا کھچ بھری ہوئی ہو اور چیزیں بے ترتیبی سے رکھی ہو ں تو ایسا ہی ہوتا ہے . اور ہم کیا کرتے ہیں اپنی ضرورت کے کپڑے ڈھونڈے اور نیچے پڑا ڈھیر اٹھا کر ایک بار پھر ویسے ہی الماری میں ٹھونس دیا . کیا اس طرح الماری کبھی ٹھیک ہو سکے گی ؟ چلے آئیں آج الماری سیٹ کرتے ہیں . پہلے تو الماری صاف کرنے کے لیے جھاڑو ، ڈسٹر اور پلاسٹک بیگ وغیرہ کا انتظام کریں . الماری کے اوپری اور پچھلے حصے پر موجود گردوغبار صاف کریں . اب الماری کے اندر موجود گنجائش کے مطابق سامان کو مختلف حصوں میں بانٹ کر رکھنا شروع کریں . سکارف اور بیگز علیحدہ رکھیں اور کپڑے اور جوتے علیحدہ علیحدہ خانوں میں سیٹ کریں . ہینگر میں رکھنے والا سامان اور تہہ کرنے والی چیز یں ایک جانب رکھیں . اس طرح انہیں نکالنے میں بھی آسانی ہو گی اور چیز یں بھی سلیقے سے رکھی ہوئی نظر آئیں گی .
الماری میں صرف ضروری سامان ہی رکھیں اور تمام غیر ضروری سامان سے چھٹکار حاصل کریں . ایسے ملبوسات اور سامان جو فروخت کیا جاسکتا ہو یا کسی فلاحی ادارے میں دینے کے قابل ہوں انہیں دوبارہ اپنے وارڈروب کا حصہ مت بنائیں . الماری میں رکھے جانے والا سامان بھی مخصوص سیکشن میں بانٹنا ضروری ہے جیسے کہ روزمرہ پہنے جانے والے ملبوسات ، دفتر پہن کر جانے والے ملبوسات اور گھریلو تقریبات میں پہنے جانے والے ملبوسات علیحدہ رکھیں .جینز اور کرتیاں ، ا سکارف ، بیگز ، سینڈل ، شادی بیاہ کے خاص ملبوسات ، استری شدہ ملبوسات ، ہینگر میں رکھے جانے والے یاتہہ لگاکر رکھے جانے والے کپڑے یا ٹی شرٹ ، نائٹ سوٹ ، یونیفارم اور بغیر سلے نئے ملبوسات وغیرہ کو دوسرے خانوں میں رکھا جاسکتا ہے . اس طرح تمام چیزیں ترتیب سے رکھی نظر آئیں گی . اس سے نہ صرف چیزیں نکالنے میں آسانی ہو گی بلکہ آپ کا سلیقہ اور صفائی بھی ظاہر ہو گی .