تہران۔۔۔ ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد نے عدلیہ پر کرپشن کے الزامات کے بعد قیدیوں کے قتل عام کا نیا سنگین الزام عاید کیا ہے۔ ایران میں سوشل میڈیا پر ایک فوٹیج وائرل ہوئی ہے جس میں سابق صدر محمود احمدی نژاد کو عدلیہ پر کڑی تنقید کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ وہ عدلیہ پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے اسے قیدیوں کے قتل میں قصور وار قرار دے رہے ہیں۔گزشتہ روز محمود احمدی نژاد نے اپیل کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بھی عدلیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی حالت یہ ہے کہ نوجوانوں کے صبر کا بندھن ٹوٹ رہا ہے۔ غربت کے باعث اپنے ہی گھروالوں کے سامنے شرمندہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنیوالے شہریوں کو زندانوں میں ڈالا جا رہا ہے، قیدیوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے کے بعد ان کی میتیں ورثاء کو یہ کہہ کر دی جاتی ہیں کہ ان کا بیٹا نشے کا عادی تھا یا اس نے خود کشی کی ہے۔سابق صدر اپنے معاون حمید بقائی کیخلاف عدالت میں جاری مقدمہ کی سماعت کے موقع پر عدالت پہنچے تھے مگر انہیں مقدمہ کی کارروائی سننے کی اجازت نہیں دی گئی۔ حمید بقائی کرپشن کے الزامات کا سامنا کررہے ہیں۔