فلوریڈا ہائی ا سکول فائرنگ، ملزم کی عدالت میں پہلی پیشی
واشنگٹن۔۔۔امریکی ریاست فلوریڈا کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے 19 سالہ ملزم نکولس کروزکو مختصر پیشی پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کو حراست میں رکھنے کا حکم دیدیا۔نکولس کروز پر قتل عمد کے 17 الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ فلوریڈا کی عدالت میں پیشی کے وقت ملزم کے ہاتھ کمر سے بندھے ہوئے تھے اور اس نے قید خانے کا نارنجی رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا۔ ملزم کے وکیل نے استغاثہ کی جانب سے کروز کو قید رکھنے کی مخالفت نہیں کی۔ واضح رہے کہ فلوریڈا کے ا سکول میں فائرنگ سے 17 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے، اس حملے میں زخمی ہونے والے مزید15 افراد اسپتال میں داخل ہیںجن میں چند کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔