کویت میں پہلے خوش بیان ٹوسٹ ماسٹرزکلب کا قیام اور تعارفی تقریب
کلب کے ذریعے اراکین کی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کریں گے ، ثمینہ مجتبیٰ
* * * * *
محمد عرفان شفیق۔ کویت
خوش بیان ٹوسٹ ماسٹرز کلب کویت میں پاکستانی کمیونٹی کا پہلا ٹوسٹ ماسٹرز کلب ہے، جس نے اردو کو متعارف کروا کر تاریخ رقم کی ۔ خوش بیان کے پہلے اجلاس میں ممبران اور محبان اردو کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔کلب کی بانی و صدر ثمینہ مجتبیٰ ہیں۔ خوش بیان ٹوسٹ ماسٹرز کو اکتوبر 2017ء میں ، ٹوسٹ ماسٹرز انٹرنیشنل کی جانب سے رسمی سرگرمیوں کے آغاز کا اجازت نامہ ملا تھا۔ ٹوسٹ ماسٹرز انٹرنیشنل کا مقصد دنیا بھر میں اپنے مراکز کے ذریعے کلب کے اراکین کی قائدانہ صلاحیتوں، فنِ تقریر اور زبان و بیان کو نظم و ترتیب کے ساتھ بہتر بنانا ہے۔کلب کے زیر انتظام منعقد ہ پروگرام کا باقاعدہ آغاز منتظم انجمن عظمیٰ ذیشان نے کیا ۔ صدر خوش بیان ثمینہ مجتبیٰ نے اپنا پیغام اور تمام آنے والے ممبران، مہمانوں اور خصوصی مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ ناظم اجلاس کنیز فاطمہ اور فیصل جمیل نے پروگرام کی نظامت کو بخوبی نبھایا۔ انھوں نے اجلاس کے تمام کرداروں کو متعارف کروایا، جن میں عمومی تجزیہ نگار راجیش وینوگوپال، لسانی تجزیہ نگار ثمینہ مجتبیٰ، سعدیہ لطیف، نگران وقت اولاً رشید اور شیراز ارشد شامل تھے۔منتظم برجستہ موضوعات گایتری رویندرن اور سحر عبّاس نے مختلف موضوعات پر اراکین اور مہمانان کو فی البدیہہ تقاریری مقابلے کی دعوت دی۔ ابوبکر الکنداری اور نادیہ ذیشان نے اردو میں تقریر کی ۔خصوصی مہمانوں میں ڈاکٹر محمد مخلوف، فاطمہ عبدا للہ، ڈاکٹر پرتھاپ اننیتھن اور علینا تاکو شامل تھیں۔تقریب کے اختتام پر صدر خوش بیان ٹوسٹ ماسٹرز ثمینہ مجتبیٰ نے برجستہ موضوعات، تیار شدہ تقاریر اور میڈیا سے آنے والے حضرات کی حوصلہ افزائی کیلئے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے اور تمام اراکین اور مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا یہ سب ایک خواب تھا جو آج حقیت بنا کہ ہم کویت میں پہلی بار اردو زبان کو ٹوسٹ ماسٹرز کی وساطت سے پیش کرنے میں کامیاب ہوئے ا ور خوش بیان کلب ناصرف اردو زبان کی خوبصورتی کو ترویج دے گا بلکہ مختلف طبقہ کے لوگوں کو متحد کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔