Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیر صدر الدین راشدی کی سعودی وزیر افرادی قوت وسوشل ڈیولپمنٹ سے ملاقات

جدہ .....   وفاقی وزیربرائے سمندر پار پاکستانی اور ترقی انسانی وسائل پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے سعودی  لیبر اینڈ سوشل ڈیولپمنٹ کے وزیر علی بن نصیر ال غفیص  سے ملاقات کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین خوشگوار اور وبرادرانہ تعلقات قائم ہیں جن میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے ۔ وفاقی وزیر نے صدراور  وزیر اعظم پاکستان کی  جانب سے  سعودی فرمانروا  اور ولی عہد کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ پیر صدر الدین شاہ راشدی  نے سعودی وزیر کو او آئی سی  لیبر کانفرنس کی صدارت سنبھالنے اور کامیاب کانفرنس منعقد کرنے پر مبارکباد دی۔علی بن نصیر ال غفیص نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید  مستحکم  بنانے کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر نے سعودی عرب کی جانب سے شروع کیے جانے والے بڑے ترقیاتی  و اقتصادی منصوبوں "نیوم"  اور کنگ عبداللہ اکنامک  سٹی کی تعریف کی اور مملکت کے مستقبل کے   وژن 2030 کو سراہتے ہوئے اسے  سعودی عرب کا اسٹریٹجک و اقتصادی ترقی کا منصوبہ قرار دیا۔  وفاقی وزیر نے ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کی دور اندیشی کی تعریف کی  ۔ وفاقی وزیر  پیر صدر الدین راشد ی نے کہا کہ  سی پیک بھی پاکستان کی اقتصادی  ترقیاتی کا منصوبہ ہے جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ یہ منصوبہ پاکستان کی معیشت کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ تقریبا 2.34 ملین پاکستانی سعودی عرب میں بسلسلہ روزگار مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو اس نہج تک پہنچانے میں دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کا   کردار  بے حد اہم ہے۔ وزیر نے بتایا کہ  پاکستان میں 4000  پیشہ ورانہ تربیتی اداروں سے مختلف شعبہ جات میں  سالانہ 4  لاکھ  کارکن تربیت پا تے ہیں۔ یہ تربیت یافتہ و ہنر مند   افرادی قوت  سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی  معاشی سرگرمیوں  میں تربیت یافتہ کارکنوں کی طلب پوری کرسکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان گھریلو کارکنوں کے معاہدے کو جلد ہی حتمی شکل دی جائے گی ۔وفاقی وزیر نے سعودی وزیر کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی۔وفاقی وزیربرائے سمندر پار پاکستانی اور ترقی انسانی وسائل  پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے  امور پر گفتگو ہوئی۔  وفاقی وزیر نے کشمیر کے تنازع پر او آئی سی اور  ڈاکٹر یوسف العثیمین کے کردار کو سراہا۔

شیئر: