جدہ .... پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت جو ان دنوں خیر سگالی اور تربیتی دورے پر سعودی عرب آیا ہوا ہے۔گزشتہ روز جہاز پر ایک ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ یہ جہاز انسداد دہشتگردی اور بحری قزاقی کی روک تھام کیلئے بحیرہ عرب میں موجود رہتا ہے اور بحیرہ احمر ، خلیج عدن وغیرہ تک کے علاقوں پر نظررکھتا ہے۔ یہ جہاز 4دن کیلئے جدہ آیا ہوا ہے۔ ڈنر میں آنے والے مہمانوںکا استقبال کرتے ہوئے جہاز کے کمانڈنگ افسر کیپٹن غلام اکبر شاہ بخاری نے پاکستان اور شاہی سعودی بحریہ کے تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات بہت اچھے ہیں اور دونو ں ممالک کئی مشترکہ بحری مشقیں کرچکے ہیں جن میں نسیم البحر نامی مشترکہ بحری مشق شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عملے کے 25افراد اس وقت رائل سعودی نیول فورس اکیڈمی میں زیر تربیت ہیں۔کمانڈنگ افسر نے یہ بھی کہا کہ اس جہازنے حال ہی میں 7فروری کو ایک بحری کارروائی کرتے ہوئے انسداد منشیات مہم کے سلسلے میں ایک اہم کامیابی حاصل کی اور تقریباً5کلو گرام حشیش ضبط کرلی۔ کیپٹن بخاری نے پی این اصلت کی خصوصیت بتاتے ہوئے کہا کہ یہ نام عربی سے اخذ کیا گیا ہے جو اسلام کے اولین دنوں میں اہل عرب کے زیر استعمال رہنے والی تلوار کا نام ہے۔ پی این اصلت کو حال ہی میں پاک بحریہ میں شامل کیا گیا ہے۔ 17اپریل 2013ءکو اسے پاک بحریہ میں کمیشن دیا گیا تھا۔ اس میں اسٹیٹ آف آرٹ قسم کے کمباٹ مینجمنٹ سسٹم ہے۔ اس کے علاوہ اس میں میزائل اور آبدوزیں بھی ہیں۔ یہ ”سوڈ“ کلاس فریگیٹس کا چوتھا جہاز ہے۔ جو کراچی شپ یارڈ اور انجینیئرنگ ورکس نے تیار کیا ہے۔