کراچی میرا شہر ہے، اس کا مجھ پر حق ہے، شاہد آفریدی
جمعرات 22 فروری 2018 3:00
دبئی: پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور مشہور آل راونڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ اگر پی ایس ایل سے نئے کرکٹ اسٹار سامنے نہ آئیں تو اس کا کوئی فائدہ نہیں۔یہ لیگ ہمارا اپنا برانڈ ہے اور اس کے نتیجے میں پاکستانی کرکٹ کو فروغ اور مقبولیت ملنی چاہئے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ2ایڈیشنز کے نتیجے میں ہمیں کئی نوجوان کھلاڑی ملے جو اب قومی ٹیم کا حصہ ہیں اور امید ہے کہ تیسرا ایڈیشن بھی کئی باصلاحیت کرکٹرز کو سامنے لائے گا۔ آفریدی نے کہا کہ یہی اس لیگ کا بنیادی مقصد بھی ہونا چاہئے کہ نئے کھلاڑی سامنے آتے رہیں بصورت دیگر اس سے ہمیں مجموعی طور پر کوئی فائدہ نہیں ہوسکتا۔ پشاور زلمی کو چھوڑ کر کراچی کنگز کی نمائندگی کے بارے میں استفسار پر آل راونڈر نے کہا کہ کراچی میرا شہر ہے اور اس کا بھی مجھ پر حق ہے ، میں چاہتا ہوں کہ مکمل ریٹائر منٹ سے پہلے کراچی کی نمائندگی بھی کروں۔ میں اسی شہر میں پلا بڑھا اور کراچی نے مجھے بہت کچھ دیا۔یہ بہت ہی اچھا ہے کہ اس ٹورنامنٹ کا فائنل کراچی میں ہو اور یہاں کے شہری بھی دنیا بھر کے کھلاڑیوں سمیت اپنے ہم وطن کرکٹرز کو بھی اپنے سامنے کھیلتا دیکھیں ۔سابق کپتان نے شائقین سے اپیل کی وہ لیگ کے پاکستان میں ہونے والے تینوں میچوں کو اسٹیڈیم آکر دیکھیں تو کھیل کا لطف دوبالا ہوجائے گا ۔