ڈیٹرائٹ..... یہاں ایک عجیب و غریب واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون نے غلطی سے اپنے شوہرہی کی ٹانگ میں گولی مار دی۔ کہا جاتا ہے کہ ڈیٹرائٹ کی ایٹکنسن اسٹریٹ پر رہنے والی فیملی اور اسکے پڑوسی کے درمیان کسی بات پر معمولی تنازع تھا۔ جو بڑھتے بڑھتے باقاعدہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا اور خاتون کے 39سالہ شوہر اور محمد جمیل نامی پڑوسی جب گتھم گتھا ہوگئے اور انہیں چھڑانے کی کوئی ترکیب خاتون کو سمجھ میں نہیں آئی تو اس نے اپنے خیال میں جمیل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی اور گولی چلادی مگر گولی پڑوسی کے بجائے شوہر کو جالگی۔ پولیس نے 37سالہ خاتون کو گرفتار کرلیا اور اسکے شوہر کو اسپتال پہنچا دیا۔ قریبی لوگوں کا کہناتھا کہ پڑوسی سے انکا لین دین کا معاملہ چل رہا تھا لیکن یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ کون کس کا مقروض تھا۔ جمیل کا کہناتھا کہ وہ پڑوسی کو سمجھانے کی کوشش کررہا تھا شاید وہ سمجھ جاتا مگر بیوی نے رنگ میں بھنگ ڈال کر کام خراب کردیا۔ پولیس نے جمیل کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔