ویرات کوہلی سیریز میں پہلی بار ناکام ، جنوبی افریقہ کی 6وکٹوں سے فتح
سنچورین:قائم مقام کپتان جین پال ڈومنی اور وکٹ کیپر ہینرک کلاسن کی نصف سنچریوں نے میزبان جنوبی افریقہ کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں 6وکٹوں سے فتح دلادی اور سیریز1-1 سے برابرکردی ۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے ہندوستان کو کھیلنے کی دعوت دی۔پہلی ہی گیند پر شیکھر دھون کو ایل بی ڈبلیوآوٹ قرار دیا گیاتاہم ری پلے سے ان کی وکٹ بچ گئی ۔ چوتھی گیند پر کرس مورس نے پھر زبردست اپیل کی لیکن امپائر متاثر نہیں ہوئے ۔اس پورے اوور میں دھون وکٹ بچانے کی کوشش میں مصروف رہے ۔ اس کے بعدہندوستانی بیٹسمین سنبھل گئے اور جارحا نہ انداز میں 4.2اوورز میں 44رنز بنا لئے۔کپتان ویرات کوہلی اس سیریز میں پہلی مرتبہ بیٹنگ میں ناکام رہے اور صرف5گیندیں کھیل کرایک رن پروکٹ گنوا بیٹھے۔رائنا30رنز بنا کر لوٹے تو سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی اور پانڈے کے درمیان 98رنز کی ناقابل شکست شراکت نے 4وکٹوں کے نقصان پر ہند کا اسکور188رنز تک پہنچادیا ۔ پانڈے79جبکہ دھونی52رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ جوابی بیٹنگ میں جنوبی افریقی اوپنرز 24رنز کا آغاز دے سکے ۔جے جے اسمٹس کو انڈکٹ نے آوٹ کیا جو2رنز بنا سکے ۔دوسری وکٹ 38کے مجموعی اسکور پر گری جب دوسرے اوپنر ریزا ہینڈرکس 26رنز بنا کر شردل ٹھاکر کا شکار بنے۔کپتان جے پی ڈومنی اور ہینرک کلاسن کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں بننے والے 93رنز نے میزبان ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا ۔ ہینرک40گیندوں پر7چھکوں اور3چوکوں کی مدد سے 69رنز بنا کر لوٹے تو اسکور131رنز ہو چکا تھا ۔ ڈیوڈ ملرایک ہی اوور کھیل سکے اور5رنزبنا کر کیچ ہو گئے تاہم فرحان بہاردین نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں کپتان کا ساتھ دیا اور دونوں نے 19 ویں اوور کی چوتھی گیند پر ہدف حاصل کرلیا ۔ ڈومنی 64اورفرحان 16رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے ۔ جادیو انڈکٹ نے 2وکٹیں لیں۔ہینرک کلاسن کو ان کی فیصلہ کن اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔سیریز کا تیسرا اور آخری میچ سیریز کا فیصلہ اور ہندوستانی ٹیم کا دورہ ختم کردے گا۔