ونٹر اولمپکس: آئس ہاکی کی تاریخ کا بڑا اپ سیٹ، جرمنی نے کینیڈا کو ہرا دیا
پیونگ چینگ:مینز آئس ہاکی کی تاریخ کے بڑے اپ سیٹ میں جرمنی نے دفاعی اور9مرتبہ کے اولمپک چیمپیئن کینیڈا کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی جبکہ فیورٹ ٹیم کو گولڈ میڈل کی دوڑ سے بھی باہر کردیا۔جرمنی نے یہ مقابلہ 3-4سے جیتا ۔ دلچسپ اتفاق ہے کہ صرف ایک دن پہلے کینیڈا کی ویمنز آئس ہاکی ٹیم بھی غیر متوقع طور پر امریکہ سے شکست کھا گئی تھی اور اس کھیل پر گزشتہ 20سال سے اس کے راج کا خاتمہ بھی ہوگیا تھا۔کینیڈین ٹیم اپنے نیشنل ہاکی لیگ اسٹارز کے بغیر کھیلی اور ناقابل یقین ناکامی سے دوچار ہوگئی۔ جرمن ٹیم اس وقت رینکنگ میں 10ویں نمبر پر ہے اورکینیڈین ٹیم نمبر ون ہے۔ بدقسمتی سے کینیڈا کو اپنے نمبر ون گول کیپر کی خدمات بھی حاصل نہیں تھیں جو فن لینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل میں زخمی ہو گئے تھے۔جرمن ٹیم نے اس موقع سے بھر پور فائدہ اٹھایا اور ایک مرحلے پر0-3کی برتری حاصل کرلی ۔ کینیڈین ٹیم نے کھیل میں واپس آتے ہوئے مقابلہ برابر کر لیا تھا لیکن جرمنی نے چوتھا گول کرتے ہوئے کینیڈا کی شکست پر مہر لگا دی ۔ فائنل میں جرمنی کا مقابلہ روس سے ہوگا اور شکست کے باوجود 1976کے بعد اس کھیل میں کوئی تمغہ جیتنے میں کامیاب ہو جائے گا ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اسے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل ہوا ۔