میٹرو بس میں خواتین کیلئے سفر کرنا عذاب
راولپنڈی میں میٹرو بس میں خواتین کےلئے سفر کرنا عذاب بن گیا۔میٹرو بس سروس میں خواتین کےلئے مختص کمپارٹمنٹ پر مرد قابض ہو گئے ۔خواتین مسافر شدید مشکلات کا شکار ہو گئیں ۔جڑواں شہروں کے مابین میٹرو بس سروس کے ذریعے سفر کرنے والی خواتین نے اے پی پی کو بتایاکہ صدر سے اسلام آباد جاتے ہوئے لیڈیز کمپارٹمنٹ میں مرد مسافروں کے آجانے سے خواتین مسافر کا سفر اجیرن ہو کر رہ گیا ہے۔
خواتین کےلئے مخصوص نشستوں کی نشاندہی کے باوجود مرد مسافر ان سیٹوں پر براجمان ہو جاتے ہیں ۔میٹرو بس کی مسافر ایم ایس سی کی طالبہ نے اے پی پی کو بتایاکہ خواتین کمپارٹمنٹ پر مردوں کے قابض ہونے کے بارے میں میٹرو بس انتظامیہ کو بھی شکایت کی گئی تاہم میٹرو بس ا نتظامیہ نے تاحال کوئی نوٹس نہیں لیا ۔
میٹرو بس سروس کی دیگر خواتین مسافروں نے بھی اسی قسم کی شکایات کیں اور اے پی پی کو بتایاکہ میٹرو بس انتظامیہ خواتین مسافروں کے مسائل کے حل کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ۔
خواتین نے مطالبہ کیاکہ میٹر و بس میں کم ازکم ایک گارڈکی تعیناتی کی جائے جو کہ مرد حضرات کو خواتین کے لیے مختص نشستوں پر بیٹھنے یا خواتین کے کمپارٹمنٹ میں سفر کرنے سے باز رکھ سکے ۔مسافروں نے بتایاکہ اسی طرح معذور افراد کی مخصوص نشستوں پر بھی صحت مند افراد براجمان ہو جاتے ہیں اور معذور افراد کوکھڑے رہ کر سفر کرنا پڑتا ہے ۔
یہ شکایات صر ف جڑواں شہروں کی نہیں بلکہ کراچی اور لاہور جیسے بڑے شہروں کی بھی ہیں جہاں مرد حضرات خواتین کے کمپارٹمنٹ پر قبضہ جما لیتے ہیں اور خواتین کو مشکلات سے دوچارکرتے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭