کاراباوکپ: مانچسٹر سٹی نے سیزن کی پہلی ٹرافی جیت لی
لندن: چیمپیئنز لیگ کے لئے فیورٹ انگلش کلب مانچسٹر سٹی نے کاراباﺅ کپ کے فائنل میں یکطرفہ مقابلے کے بعد انگلش کلب آرسنل کو 0-3سے شکست دے کر سیزن کی پہلی ٹرافی جیت لی ۔ مینجر اور کوچ پپ گارڈیولا کی نگرانی میں بھی یہ کلب کی پہلی ٹائٹل فتح ہے ۔ ویمبلے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں شا ئقین کو دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع تھی جو نہ ہو سکا۔ مانچسٹر سٹی کی جانب سے سرگیو ایگیورو نے پہلے ہاف کے18منٹ میں اس وقت گول کیا جب آرسنل کا گول کیپر کلاڈیو بروو کی لمبی کک کو کلیئر کرنے کوشش کررہا تھا ۔ پہلا ہاف اسی اسکور پر ختم ہوا اگرچہ آرسنل کے فارورڈز نے مقابلہ برابر کرنے کی سر توڑ کوشش کی لیکن انہیں مانچسٹر سٹی کے دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دینے کا کوئی موقع نہیں مل سکا۔ دوسرے ہاف میں مانچسٹر کے کپتان ونسینٹ کومپنی نے برتری اس وقت مستحکم کردی جب انہیں ساتھی کھلاڑی کی جانب سے گول کے سامنے ایک عمدہ موقع ملا۔2گول کے خسارے میں جانے سے آرسنل کی ٹیم مزید دباوکا شکار ہو گئی اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈیوڈ سلوا نے اپنی ٹیم کا تیسرا گول کرتے ہوئے آرسنل کی مکمل ناکامی پر مہر ثبت کردی۔ اس کے بعد کوئی ٹیم گول نہ کر پائی ۔سیزن کی پہلی ٹرافی مانچسٹر سٹی کے حصے میں آگئی۔ اس کامیابی سے مانچسٹر سٹی کی یورپ کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ میں فتح کے امکانات میں بھی اضافہ ہوگیا ۔ دفاعی چیمپیئن رئیل میڈرڈ کےلئے خطرے کی گھنٹی کا شور مزید بڑھ گیا۔ یہ کامیابی ٹیم کے مینجر پپ گارڈیولا کی شہرت میں بھی اضافہ کرے گی جن کی نگرانی میں مانچسٹر سٹی کی کامیابیوں کا سلسلہ مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔