خاتون مسافر کے ساتھ فضائی کمپنی کے عملے کی بدتمیزی
شکاگو.... امریکہ کی مختلف فضائی کمپنیو ں کے عملے کا طرز عمل ایک عرصے سے موضوع بحث بنا ہوا ہے کیونکہ عملے کے بعض افراد اتنے عجیب و غریب ہوتے ہیں کہ وہ کوئی بھی حرکت کسی کے ساتھ بھی کرسکتے ہیں۔ اس کی تازہ ترین مثال اس وقت دیکھنے میں آئی جب27سالہ ناطیہ رتکووسکی نامی خاتون مقامی ایئرپورٹ سے شکاگو جارہی تھیں اور اس موقع پر اسکی58سالہ ماں بھی ساتھ تھی۔ خاتون کے ہاتھ میں ایک بیگ تھا جو فضائی کمپنی اور ایئرپورٹ کے مقررہ وزن اور سائز سے زیادہ نہیں تھا مگر یونائیٹڈ ایئرلائنز کے عملے کو جو بریفنگ کے وقت کائونٹر پر موجود تھا یہ بیگ مقررہ حد سے زیادہ اوروزنی نظر آیا حالانکہ یہ بیگ سامنے رکھے ہوئے اس باکس میں بھی فٹ آرہا تھا جو ہینڈ کیری کے طور پر مسافر کے ساتھ جانے والے سامان کی پیمائش جاننے کیلئے بالعموم مختلف ایئرپورٹس پر رکھا ہوا ہوتا ہے۔ خاتون کو فضائی کمپنی کے عملے نے اس حد تک تنگ کیا کہ دوسرے لوگوں کو بھی یہ بات بری لگی اورانہوں نے موبائل فون پر تصویر اتار کر جاری کردی۔ کیونکہ انہیں بھی عملے کی حرکت بری لگ رہی تھی۔ آخر کار کچھ مسافروں کی مداخلت اور عملے کے سینیئر ارکان کی مشاورت سے ماں بیٹی کو اسی بیگ کے ساتھ سفر کی اجازت دیدی گئی۔