سرفراز جیسا کپتان پاکستانی ٹیم کی خو ش قسمتی ہے ، کیون پیٹرسن
شارجہ:انگلینڈ کے سابق کرکٹر کیون پیٹرسن کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ اس کے پاس سرفراز احمد جیسے کپتان موجود ہیں جو کرکٹ کی بہت زیادہ سمجھ بوجھ رکھتے ہیں اور سبھی کھلاڑی انھیں پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہئے کہ وہ یہ اعلان کردے کہ ورلڈ کپ میں بھی سرفراز ہی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ یاد رہے کہ کیون پیٹرسن پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کررہے ہیں جس کے کپتان سرفراز احمد ہیں۔پیٹرسن نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ دانشمندانہ فیصلہ ہو گا کہ وہ سرفراز احمد پر سے دباو ختم کرتے ہوئے ان پر واضح کردے کہ وہی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ ورلڈ کپ میں اب صرف ایک سال ہی باقی رہ گیا ہے لہٰذا اس مرحلے پر اگر کسی دوسرے کرکٹر کو کپتان بنا یا جاتا ہے تو وہ بھی اسی خوف کا شکار ہو گا کہ ورلڈ کپ سے قبل اسے بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ یہ مسئلہ حل کردیا جائے۔ اس موقع پرکیون پیٹرسن نے ایک بار پھر یہ بات واضح کر دی کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے میچ کھیلنے پاکستان نہیں جائیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کھیلا گیا تھا لیکن کیون پیٹرسن فائنل کھیلنے لاہور نہیں گئے تھے تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ یہ ضرور چاہتے ہیں کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس بار ٹرافی جیتے۔