میری سیٹ نوازشریف کی امانت ہے،مشاہد حسین
اسلام آباد...مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ نومنتخب سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ سینیٹ کی سیٹ مسلم لیگ ن اور نوازشریف کی امانت ہے۔سینیٹ الیکشن کیخلاف بڑی رکاوٹیں کھڑی کرنے اور مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔مخالفین نے اپنی منصوبہ بندی کی لیکن اللہ نے بھی ایک منصوبہ بندی کررکھی تھی۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سینیٹ الیکشن رکوانے کیلئے رکاوٹوں اور مشکلات کی بات کی گئی۔ مسلم لیگ ن کوناکام کرنے کیلئے سب سے پہلے پلان اے پارٹی تقسیم کرنے کیلئے آیا،پھرپلان بی سینیٹ الیکشن نہ ہوں ،اسی طرح پھر پلان سی سینیٹ میں باہرکردیا۔انہوں نے کہاکہ یہ منی ریفرنڈم ہے۔پاکستان کے سارے صوبوں نے مجھے اور اسد جونیجو کوووٹ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان قائداعظم نے بنایا جبکہ پاکستان ووٹ کے ذریعے معرض وجود میں آیا۔ دریں اثناء سینیٹ انتخابات کیلئے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار ووٹ کاسٹ کرنے ایوان میں آئے توپرتپاک استقبال کیا گیا۔مسلم لیگ (ن)کے امیدوار مشاہد حسین سید نے تالی بجا کرپرجوش اندازمیںاستقبال کیااور انکے ساتھ رہے۔ چوہدری نثار اور مولانا فضل الرحمان نے ایک ساتھ ووٹ پول کیا۔ووٹ پول کرنے کے بعد چوہدری نثار مشاہد حسین سید کو پیپلز پارٹی کے امیدوار عمران اشرف کے پاس لیکر گئے اور عمران اشرف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا ووٹ مشاہد حسین کو کاسٹ کیا ہے۔