پاکستان، سعودی عرب اور اسلامی ممالک شامیوں پر مظالم بند کروائیں، طاہر اشرفی
لاہور- - - - پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محمودا شرفی نے کہاکہ شامی مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے ، اقوام متحدہ اور اسلامی سربراہی کانفرنس بے بس ہو چکی ہیں۔حکومت پاکستان ، سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر شام کی عوام پر ہونے والے مظالم کو بند کروائیں۔ روس ، امریکہ ، ایران ، شامی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے دیں۔یمن ، شام ، عراق میں مداخلتوں کا اصل ہدف ارض الحرمین الشریفین ہے ۔اسلامی اور عرب ممالک میں بیرونی مداخلتیں بند ہونی چاہئیں۔ داعش جیسی تنظیمیں مسلم امۃ کو تباہ کرنے کیلئے بنائی گئی ہیں۔داعش کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ ان خیالات کااظہار حافظ طاہر محموداشرفی نے لاہور پریس کلب کے باہر شام کے مظلوم عوام پر ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔طاہر محمودا شرفی نے کہاکہ امت مسلمہ کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ، مضبوط اسلامی ممالک کو تباہ کیا جا رہا ہے ، شام کی عوام پر روس اپنے نئے میزائلوں کا تجربہ کر رہا ہے لیکن مسلم اور عالمی دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روس ، امریکہ اور ایران شام کی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے دیں۔ دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کرنے والے ممالک مسلم ممالک کی تباہی کا سبب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شام ، عراق ، یمن کے امن کو تباہ کرنے والوں کا اصل ہدف ارض الحرمین الشریفین ہے ،جس کے تحفظ اور دفاع کیلئے ہر لمحہ امت مسلمہ کو مستعد رہنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ کی قیادت کو مسلم امۃ کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ رویہ اختیار کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے تحت شام کے مظلوم عوام کی حمایت میں بھرپور تحریک چلائی جائے گی اور حکومت پاکستان ، سعودی عرب اور ترکی سے اپیل کرتے ہیں کہ فوری طور پر شام کے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو رکوانے کیلئے میدان میں آئیں اور اسلامی سربراہی کانفرنس کا اجلاس بلا کر واضح حکمت عملی مرتب کی جائے۔ انہوں نے پاکستان کے صاحب خیر اور تاجر حضرات سے اپیل کی کہ وہ شام کی مظلوم عوام کی امداد کیلئے آگے آئیں اور شامی مسلمانوں کی ہر سطح پر امداد کی جائے۔