Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

توہین عدالت کیس،دانیال عزیز پر فرد جرم عائدہوگی

اسلام آباد... سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں وفاقی وزیر دانیال عزیز پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ برداشت کی ایک حد ہوتی ہے۔ دانیال عزیز کے جواب سے مطمئن نہیں کہ معاملہ ختم کردیا جائے۔ وکیل نے کہاکہ توہین عدالت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔نجی ٹی وی چینل پر نشر بیان کا عدالت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ دانیال عزیز تو یہ بات 3 سال سے کر رہے تھے۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ اس کا مطلب ہے دانیال عزیز 3 سال سے توہین عدالت کر رہے تھے؟۔دانیال عزیز نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں عدلیہ مخالف تقاریر کا ذ مہ دار میڈیا کو قرار دیا تھا۔ جواب میں موقف اختیار کیا گیا کہ میڈیا سیاق و سباق سے ہٹ کر رپورٹنگ کرتا ہے۔ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا۔تقاریر میں کبھی آئینی اداروں کے وقار کو کم کرنے کی کوشش نہیں کی اور نہ عدالتی کارروائی اور انصاف کی راہ میں کبھی رکاوٹ بنے۔دانیال عزیز نے عدالت سے شوکاز نوٹس واپس لینے کی استدعا بھی کی تھی۔
مزید پڑھیں:کیوں نہ نہال ہاشمی کی سزا میں اضافہ کردیں،چیف جسٹس

شیئر: