Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیا: سرجنوں نے دوسرے مریض کے دماغ کا آپریشن کردیا

نیروبی.....  کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں اسپتال کے عملے میں شامل 4 افراد کو غلط مریض کے دماغ کا آپریشن کرنے کی پاداش میں معطل کر دیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق سرجنوں کے پاس ایک مریض لایا گیا جس کے دماغ میں خون جمنے کی وجہ سے آپریشن کرنا تھا جبکہ دوسرے مریض کے سر میں سوجن ہو گئی تھی جس کے علاج کیلئے  آپریشن کی ضرورت نہیں تھی۔لیکن حیران کن طور پر ان مریضوں کی شناخت میں غلط فہمی کی وجہ سے سوجن والے مریض کے سر کا آپریشن کر دیا گیا۔مقامی اخبار ڈیلی نیشن کی خبر کے مطابق ڈاکٹروں کو اپنی غلطی کا احساس آپریشن شروع کرنے کے کچھ گھنٹوں کے بعد ہوا جب انھیں مریض کے دماغ میں خون جمنے کے علامات نظر نہیں آئیں۔ کینیا نیشنل اسپتال کے سربراہ نے کہا کہ مریض صحتیاب ہو رہا ہے اور اس واقعہ کی تفتیش کی جا رہی ہے۔کینیا میں طبی عمل کی نگرانی کرنے والے بورڈ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ایسا واقعہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے۔ بورڈ نے اسپتال سے رپورٹ طلب کی ہے اور اسکے بارے میں میٹنگ رکھنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا ہے۔اسپتال کی سربراہ للی کوروس نے کہا کہ انھیں اس واقعہ پر بہت شرمندگی ہے۔

شیئر: