پینڈلروبولنگو،انڈونیشیا..... یہاں ایک گھر میں گائے نے ایک عجیب الخلقت بچھڑے کو جنم دیا ہے۔جسے دیکھنے کیلئے لوگوں کی ایک بڑی تعداد آس پاس کے علاقوں سے یہاں پہنچ رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نوزائیدہ بچے کی جسمانی ساخت میں معمولی فرق تو نظر آتا ہے مگر سب سے غور طلب بات اسکا چہرہ ہے جو بکری، بھیڑ یا گائے کے بچھڑے سے زیادہ ایرانی بلی کے چہرے سے مشابہہ ہے۔ لوگ اس بچھڑے کو دیکھ کر حیران ہیں اور طرح طرح سے اسکی توضیح کررہے ہیں۔حد یہ کہ لوگوں نے اسے اسی طرح دودھ پلانا شروع کردیا ہے جس طرح بلیوں اور بلی کے بچوں کو دودھ پلایا جاتا ہے۔ جانوروں کے ڈاکٹروں کا کہناہے کہ یہ صورتحال ایک جینیاتی خلل کا نتیجہ ہے۔ ٹانگیں اور جسم تقریباً اسی طرح ہیں جیسے گائے کے بچھڑوں کی ہوتی ہیں تاہم گردن سے اوپر کا حصہ اور سر اورمنہ ایرانی نسل کی بلیوں جیسا ہے۔بچوں کیلئے یہ بچھڑا خاص طور پر دلچسپی کا سبب بن گیا ہے۔ وہ اسکے گرد جمع ہوتے ہیں۔ اسے پیار کرتے ہیں تھپتھپاتے ہیں اور ہر ممکن خدمت انجام دیتے ہیں۔ انکی خوشی دیدنی ہے مگر بڑے لوگ خوش کم اور حیران زیادہ ہیں۔ اب تک کسی ماہر ویٹرنری ڈاکٹر نے اس کے بارے میں کوئی واضح بیان نہیں دیا اسی لئے قیاس آرائیوں کا سلسلہ بھی رک نہیں رہا ہے۔ مگر یہ بات تو ہے کہ نوزائیدہ بچھڑا سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائے ہوئے ہے۔