کسی نے تو عوام کا حال دیکھنا ہے،چیف جسٹس
لاہور.. سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ شہباز شریف کام کرکے کارکردگی دکھائیں تصویریں چھپوا کر نہیں۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے آلودہ پانی دریاوں میں پھینکنے کیخلاف از خود نوٹس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس د ئیے کہ لاہور کے شہریوں کو پینے کیلئے گندہ اور زہریلا پانی مل رہا ہے۔10 سال سے حکومت مسلسل کام کر رہی ہے۔اب تک اس نے کیا پیش رفت کی۔ یہ لوگوں کی زندگی اور موت کا معاملہ ہے۔لگتا ہے عوامی صحت حکومت کی ترجیح نہیں۔کارکردگی کا اشتہار چلاتے ہیںجو نہیں کیا اس کا اشتہار بھی چلائیں۔یہ حالت ہے کہ ڈیٹ شیٹ پر بھی وزیر اعلی کی تصویریں چھپتی ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ اورنج ٹرین پر اربوں روپے لگا د ئیے لیکن ادھر صحت پر دھیان بھی نہیں کہ کیا ہو رہا ہے۔ اورنج ٹرین بنائیں، موٹر وے بنائیں مگر عوام کی صحت کی طرف بھی توجہ دی جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ میں اسپتالوں میں کیوں نہ جاوں، کسی نے تو عوام کا حال دیکھنا ہے۔لوگ کس طرح تکلیف میں ہیں۔وزیراعلی یا افسر کتنی مرتبہ اسپتالوں میں گئے جن کا یہ کام ہے اگر وہ نہیں کریں گے تو کوئی تو کرے گا۔