پی ایس ایل فائنل کے تمام ٹکٹ 6گھنٹے میں فروخت
کراچی:نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانیوالے پی ایس ایل کے فائنل میچ کےلئے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہو ا تو تمام ٹکٹ صرف 6 گھنٹے میں فروخت ہوگئے ۔ شائقین کو ٹکٹوں کے حصول میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دباو کی وجہ سے ویب سائٹ کریش ہو گئی ۔ شائقین کا جوش و خروش عروج پر تھا اور ہر کوئی اسٹیڈیم میں بیٹھ کر فائنل دیکھنے کےلئے پر امید تھا تاہم بیشتر صارفین آن لائن ٹکٹ کے حصول میں ناکام رہے۔ سیل سینٹرز پر شائقین کی بڑی تعداد نے صبح سویرے قطاریں لگالیں اور ایک ہزار روپے والے ٹکٹ محض 2 گھنٹوں میں فروخت ہوگئے ۔ ٹکٹوں کی فروخت میں بدنظمی بھی دیکھنے میں آئی جبکہ حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس اور رینجرز کی نفری بھی موقع پر موجود رہی۔اس موقع پر ٹکٹ کے حصول میں کامیاب ہونے والے شائقین کا کہنا تھا کہ 10 سال بعد کراچی میں ایسا کرکٹ میچ ہورہا ہے، جس میں بین الاقوامی کھلاڑی شرکت کریں گے اس لئے ہم پرجوش ہیں۔