پی ایس ایل فائنل: شٹل سروس چلانے کا اعلان
کراچی : وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے پی ایس ایل تھری کے فائنل کےلئے 25مارچ کو موٹرسائیکل پرڈبل سواری پر پابندی کی تجویز مسترد کردی ہے تا ہم عوام کیلئے شٹل بس سروس چلانے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل سیزن تھری کے فائنل میچ کے لئے ہمیں نوجوانوں کو تفریح فراہم کرنی ہے انہیں مشکل میں نہیں ڈالنا۔مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ اس موقع پر 300گاڑیوں پرمشتمل شٹل بس سروس چلائی جائے گی، شٹل سروس کے47 پوائنٹس ہوں گے جہاں سے یہ مہیا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ کراچی کے نوجوان پی ایس ایل فائنل کو انجوائے کریں میں ان سے تفریح کا موقع چھیننا نہیں چاہتا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ پارکنگ ایریاز میں واش روم اور پینے کے پانی کی سہولتیں ہونی چاہئیں۔سیکیورٹی معاملات کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کے موقع پر وزیر داخلہ سہیل انور سیال، وزیر اطلاعات سید ناصر شاہ، وزیر بلدیات جام خان شورو، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر، ایڈیشنل آئی جی اسپشل برانچ طاہر آزاد، بلدیاتی اداروں کے متعلقہ حکام و صوبائی سیکریٹریز نے شرکت کی۔