واشنگٹن ۔۔۔ امریکہ بھر میں ہزاروں طالبعلموں اور اساتذہ نے تعلیمی اداروں میں فائرنگ کے واقعات کیخلاف مظاہروں میں شرکت کی۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ان مظاہروں کا مقصد امریکی اسکولوں میں بڑھتے ہوئے ہلاکت خیز تشدد کے خلاف کانگریس کی سست روی پر آواز اٹھانا ہے۔یہ مظاہرہ ہر جگہ وہاں کے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوا اور 17 منٹ تک جاری رہا۔17 کے ہند سے کا انتخاب اس لیے کیا گیا تھا کیونکہ ریاست فلوریڈا کے شہر پارک لینڈ میں واقع میرجوری اسٹون مین ڈگلس ہائی اسکول میں ویلنٹائن ڈے پر ایک شخص نے فائرنگ کر کے 17 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔منتظمین کا کہنا تھا کہ امریکہ بھر اور دنیا کے کئی علاقوں میں ایسے تقریباً3 ہزار مظاہرے ہو رہے ہیں۔واشنگٹن میں طالبعلموں نے صدر کی رہائش وائٹ ہاؤس کے سامنے 17 منٹ تک مظاہرہ کیا اور اسلحے پر کنٹرول سے متعلق پالسیاں بنانے پر زور دیا۔