سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز: بنگلہ دیش کو17رنز سے شکست
کولمبو:ہندوستانی کپتان روہت شرما کی بیٹنگ اور اسپنر واشنگٹن سندر کی بولنگ نے ٹیم کو 3ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں پہنچادیا۔ ہندوستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں 17رنز سے کامیابی حاصل کرکے مسلسل تیسرا میچ جیتتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔بنگلہ دیشی کپتان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے کپتان اور اوپنر روہت شرما کے89، سریش رینا کے 47اور شیکھر دھون کے35رنز کی بدولت 3وکٹوں کے نقصان پر 176رنز اسکور کئے ۔ روہت شرما5-5چھکوں اور چوکوں کی مدد سے 61گیندوں پر یہ اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے لیکن رن آﺅٹ ہوجانے کی وجہ سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔روبل حسین نے2وکٹیں لیں۔ ہندوستانی اسپنر واشنگٹن سندر نے ہدف کا تعاقب کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم کے ابتدائی تینوں کھلاڑیوں کو 40کے مجموعی اسکور پر آﺅٹ کرکے ان کی بیٹنگ کی رفتار کو سست کردیا اگرچہ وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحیم55گیندوں پر72رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے تاہم کوئی اور بیٹسمین ان کا ساتھ نہیں دے پایا اور یوں بنگلہ دیشی ٹیم 20اوورز میں7وکٹوں کے نقصان پر159رنز ہی پہنچ پائی۔ سندر نے22رنز دے کر3 وکٹیں لیں۔ روہت شرما کو ان کی عمدہ بیٹنگ کے نتیجے میں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میزبان سری لنکا اور بنگلہ دیش کے2-2پوائنٹس ہیں اور ان کے درمیان کل ہونے والا میچ فائنل کی دوسری ٹیم کا فیصلہ کردے گا۔