سہ ملکی سیریز میں سری لنکا کا فاتحانہ آغاز،ہند کو شکست
کولمبو: سری لنکا نے یوم آزادی کے حوالے سے ہو نے والی سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں کوشل پریرا اور تھیسارا پریرا کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ہند کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر نداہاش ٹرافی کا فاتحانہ آغاز کیا ۔کپتان دنیش چندیمل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،ہندنے مقررہ20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔ اوپنر شیکھر دھون ٹاپ اسکور رہے اور6چھکے اور 6چوکے لگا کر90رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ پانڈے نے 37 رنز بنا ئے،ریشب پنت نے23رنز اسکور کئے ۔ دنیش کارتک 13رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔دشمنتھا چمیرا نے2،نووان پردیپ، جیون مینڈس اور دنوشکا گوناتھیلاکا نے ایک، ایک وکٹ لی۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اننگز کا آغاز زیادہ اچھا نہ تھا اور 12 پر کوشل مینڈس کی وکٹ سے محروم ہونا پڑا جو 11 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ کوشل پریرا نےگونا تھیلاکا کے ساتھ مل کر اسکور 70 تک پہنچا دیا، کپتان چندیمل 14 رنز بنا سکے۔127 پر سری لنکا کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب جارحانہ بیٹنگ کرنے والے کوشل پریرا نے37گیندیں کھیل کر 4چھکے اور 6چوکے لگا کر 66 رنز بنائے اورمین آف دی میچ رہے ۔ اپل تھرنگا 17 رنز بنا کر چہل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔136 رنز پر آدھی ٹیم آوٹ ہونے کے بعد تھسارا پریرا اور داسن شناکا نے ڈٹ کر ہندوستانی بولرز کا مقابلہ کیا اور چھٹی وکٹ کیلئے ناقابل شکست 39 رنز بنا کر مطلوبہ ہدف 18ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کرلیا۔ پریرا نے چھکا لگا کر ٹیم کو 5 وکٹوں سے فتح دلائی ۔ تھیسارا پریرا 22 اور شناکا 15 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ ہند کی جانب سے واشنگٹن سندر اور چہل نے2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔