صنعائ.... یمن کے جنوبی صوبے الحدیدہ میں یمنی فوج نے مغربی ساحل کے محاذ پر دوسری مرتبہ باغی حوثی ملیشیا کے ایک بحری حملہ پسپا کر دیا۔ یمنی فوج کی سرکاری ویب سائٹ نے بتایاکہ یہ حملہ الخوخہ شہر کے ساحل کی پٹّی پر واقع گاو¿ں القطابا کی سمت کیا گیا۔ حملے کو ناکام بنانے کی کارروائی میں یمنی فوج کو عوامی مزاحمت کاروں کی معاونت حاصل رہی۔یمنی فوج اور حوثی ملیشیا کے درمیان کئی گھنٹوں تک شدید معرکہ جاری رہا جس کا اختتام حملہ آور ملیشیا کے تمام عناصر کے مارے جانے پر ہوا۔اس سے قبل منگل کے روز بھی حوثی ملیشیا نے شکار کی تین کشتیوں کے ذریعے اسی شہر پر بحری حملہ کیا تھا۔ تاہم ملیشیا کی تمام کشتیوں کو تباہ کر دیا گیا جس کے نتیجے میں ان میں سوار تمام باغی مارے گئے۔دوسری جانب عرب اتحادی افواج کے فضائی دفاعی نظام نے حوثی ملیشیا کی جانب سے داغا جانے والا ایک بیلسٹک میزائل یمن کے مغربی ساحلی شہر المخا کی فضا میں تباہ کر دیا۔عسکری ذریعے کے مطابق فضا میں ناکارہ بنائے جانے والے میزائل کے ٹکڑے غیرآباد علاقوں میں گرے اور کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ادھر اتحادی طیاروں نے مغربی ساحل پر الجراحی اور زبید کے ضلعوں میں حوثی ملیشیاو¿ں کے ٹھکانوں اور جتھوں پر فضائی حملے جاری رکھے۔ اس دوران بیت الفقیہ کے علاقے الغوادر میں حوثیوں کے حربی ساز و سامان کو بھی نشانہ بنایا گیا۔یمنی فوج نے اتحادی افواج کی معاونت سے آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ اس آپریشن کا مقصد مغربی ساحل کو مکمل طور پر آزاد کرانا اور بین الاقوامی جہاز رانی کو حوثی ملیشیا کے خطرے سے محفوظ بنانا ہے۔ اس دوران ہونے والے معرکوں میں حوثی باغیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان کا سامنا ہے۔