دمام ..... پبلک پراسیکیوشن نے جعلی اسناد رکھنے کے الزام میں غیر ملکی نرس پر قید اور جرمانے کی سفارش کی ہے ۔ عکاظ نیوز کے مطابق تحقیقاتی ادارے میں الخبر کے ایک معروف اسپتال میں کام کرنے والی نرس پر مقدمہ دائر کیا گیا جس پر الزام تھا کہ اس نے نرسنگ فیلڈ میں عملی تجربے کی جعلی سند جمع کروائی ہے ۔ پراسیکیوشن میں نرس کی سند کے بارے میں تحقیقات کی گئی تو معلوم ہوا کہ اس پر عائد کیا جانے والا الزام درست تھا ۔ تحقیقاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں عدالت کو سفار ش کی ہے کہ ملزمہ پرجعلی سند رکھنے کا الزام درست ہے ۔چونکہ وہ انتہائی حساس نوعیت کا کام کر رہی ہے جس کےلئے عملی تجربہ انتہائی اہم ہوتا ہے ۔ جعلی تجربے کی اسناد رکھنے پر پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے سفارش کی گئی کہ ملزمہ کو 5 برس قید اور 5 لاکھ ریال جرمانے کے علاوہ رشوت کی پیشکش کرنے پر ایک لاکھ ریال مزید جرمانہ عائد کیا جائے ۔ دریں اثناء ادارہ امور صحت میں متعلقہ کمیٹی نے بھی تصدیق کی ہے کہ نرس کی اسناد جعلی ہیں ۔