انڈین ویلز:راجر فیڈرر کو سیزن کی پہلی شکست
انڈین ویلز:حالیہ ٹینس سیزن میں عالمی نمبر ون سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کی فتوحات کا سلسلہ گزشتہ روز اس وقت اختتام کو پہنچ گیا جب انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں ارجنٹائنی کھلاڑی جوآن مرٹن ڈیلپوٹرو نے سخت مقابلے کے بعد شکست سے دوچار کرکے یہاں اپنا پہلا ماسٹرز ٹائٹل جیت لیا۔ ڈیلپوٹرو نے آسٹریلین اور ومبلڈن چیمپیئن راجر فیڈرر کو 2میچ پوائنٹ بچاتے ہوئے ہرایا اور اس کی فتح کا اسکور 4-6،7-6(8) اور6-7رہا۔ اس فتح کے ساتھ ہی جوآن مارٹن ڈیلپوٹرواس ٹورنامنٹ کی42سالہ تاریخ میں اسے جیتنے والے پہلے ارجنٹائنی کھلاڑی بھی بن گئے۔ یہ اس سال راجر فیڈرر کی پہلی ناکامی ہے جنہیں اس ٹورنامنٹ کا فیورٹ قرار دیا جارہا تھا اور اب تک ہونے والے مقابلوں میں انہوں نے اپنے حریفوں کو شکست دیتے ہوئے خود کو فیورٹ ثابت بھی کیا تاہم ارجنٹائنی کھلاڑی نے بالآخر انہیں ناکامی کا مزہ چکھاہی دیا۔راجر فیڈرر اس سال مسلسل17مقابلے جیتنے میں کامیاب ہوئے اور یہ ان کے کیریئر میں کسی سیزن میں بہترین کارکردگی کا ریکارڈ بھی ہے۔گزشتہ 17مقابلوں کے بعد پہلی مرتبہ انہیں کسی حریف کی جانب سے اتنے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا جو ان کی ناکامی پر منتج ہوا۔ڈیلپوٹرو نے دوسرے سیٹ کے دوران سیکنڈ ٹائی بریکر پر میچ پوائنٹ حاصل کیا تھا لیکن وہ اپنی غلطی کی وجہ سے اسے نہ جیت پائے اور فیڈرر میچ کو تیسرے سیٹ تک لے جانے میں کامیاب رہے۔ ڈیلپوٹرو کی فیڈرر کے خلاف یہ گزشتہ سال یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنلز کے بعد پہلی فتح ہے ۔کیریئر میں وہ سوئس اسٹار کو 7مرتبہ ہرانے میں کامیاب ہوئے جبکہ فیڈرر نے انہیں17مرتبہ شکست دی۔